Thursday , January 24 2019

صدرجمہوریہ رامناتھ کووند کی آج آمد

عالمی تلگو کانفرنس سے خطاب اور بدھا مجسمہ کا مشاہدہ پروگرام میں شامل

حیدرآباد ۔ 18 ڈسمبر ( سیاست نیوز) صدر جمہوریہ ہند مسٹر رام ناتھ کووند19 ڈسمبر کو دہلی سے خصوصی طیارہ کے ذریعہ بیگم پیٹ ایئرپورٹ حیدرآباد پہنچیں گے ۔ بعد ازاں صدر جمہوریہ ہند بیگم پیٹ ایئرپورٹ سے سیدھے راج بھون کیلئے روانہ ہوں گے ۔ راج بھون میں آرام کرنے کے بعد مسٹر رام ناتھ کووند5 بجے شام لعل بہادر اسٹیڈیم فتح میدان میں منعقدہ ہونے والی عالمی تلگو کانفرنس کی اختتامی تقریب میں بحیثیت مہمان حصوصی شرکت کریں گے ۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ فتح میدان اسٹیڈیم میں عالمی تلگو کانفرنس کی اختتامی تقریب کے فوری بعد راج بھون کیلئے روانہ ہوں گے اور راج بھون میں ہی شب بسری کریں گے ۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ صدر جمہوریہ ہند 20 ڈسمبر کو صبح 10:30 بجے حسین ساگر میں واقع بدھا مجسمہ کا مشاہدہ کریں گے اور مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کریں گے ۔ بعد ازاں مسٹر رام ناتھ کووند وہاں سے بیگم پیٹ ایئرپورٹ کیلئے روانہ ہوں گے اور وہاں سے اپنے خصوصی طیارہ کے ذریعہ دہلی کیلئے روانہ ہوں گے ۔ صدر جمہوریہ ہند کے دورہ حیدرآباد کے سلسلہ میں سٹی پولیس کی جانب سے بڑے پیمانہ پر سخت صیانتی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ اعلیٰ پولیس عہدیداروں کے علاوہ صدر جمہوریہ ہند کے صیانتی انتظامات کیلئے چار اسسٹنٹ کمشنران پولیس ‘ 9 انسپکٹران پولیس ‘ 25 سب انسپکٹران پولیس کے علاوہ زائد از 200 پولیس کانسٹبلس و ہوم گارڈز اور 6 پلاٹونس پولیس آرمڈ فورسیس کو تعینات کیا گیا ۔

TOPPOPULARRECENT