Friday , November 16 2018
Home / شہر کی خبریں / صدرنشین اقلیتی کمیشن کا دورہ مہیندرا ہلز ، سکھ طبقہ کی اراضی کے تحفظ کا تیقن

صدرنشین اقلیتی کمیشن کا دورہ مہیندرا ہلز ، سکھ طبقہ کی اراضی کے تحفظ کا تیقن

حیدرآباد ۔ 11 ۔ جولائی (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ اقلیتی کمیشن محمد قمرالدین نے آج گردوارہ صاحب مہیندرا ہلز کا دورہ کیا جہاں سکھ طبقہ کو الاٹ کردہ اراضی پر بی ایس این ایل سے تنازعہ جاری ہے ۔ سردار اوتار سنگھ اور مقامی سکھ برادری نے کمیشن سے نمائندگی کی تھی کہ حکومت کی جانب سے سکھ طبقہ کو الاٹ کردہ اراضی واپس دلانے کیلئے اقدامات کریں۔ سروے نمبر 844/1 ، ملکاجگیری ولیج ، ماریڈ پلی منڈل کے تحت 1300 مربع گز اراضی سکھ کمیونٹی کو الاٹ کی گئی ۔ سابق میں متصل اراضی ٹیلیکام ڈپارٹمنٹ کو حوالے کی گئی تھی جبکہ ضلع کلکٹر نے 27 فروری 2006 ء کو حکومت کے احکامات کے مطابق سکھ کمیونٹی کو اراضی الاٹ کی۔ 4 جولائی کو بی ایس این ایل کے ملازمین نے پہنچ کر اس اراضی پر اپنی دعویداری پیش کی اور گردوارہ سمیت اراضی کے تخلیہ کا مطالبہ کیا ۔ تخلیہ نہ کرنے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکی دی گئی ۔ سکھ کمیونٹی کے ذمہ داروں نے شکایت کی کہ پولیس ترکمان گیٹ کی جانب سے یکطرفہ کارروائی کی جارہی ہے اور ایک مقدمہ درج کیا گیا ۔ صدرنشین اقلیتی کمیشن محمد قمرالدین نے پولیس عہدیداروں سے بات چیت کی اور سکھ طبقہ کو یقین دلایا کہ وہ مکمل معلومات حاصل کرتے ہوئے اراضی کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔ محمد قمرالدین نے کہا کہ حکومت نے تمام طبقات کیلئے علحدہ بھون کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے۔ سکھ بھون کی تعمیر کیلئے بھی اراضی الاٹ کی گئی ہے۔

TOPPOPULARRECENT