Wednesday , December 19 2018

صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کی دختر ایوانکا کا دورہ حیدرآباد

گلوبل انٹرپرینر شپ سمٹ میں شرکت، وزیراعظم اور چیف منسٹر تلنگانہ کے عشائیوں کو قطعیت
حیدرآباد۔16نومبر(سیاست نیوز) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی دختر ایوانکا ٹرمپ اپنے دورۂ حیدرآباد کے دوران حیدرآبادی تہذیب سے لطف اندوز ہوں گی اوران کے اعزاز میں وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے فلک نما پیالس اور چیف منسٹرتلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے قلعہ گولکنڈہ کے وسیع و عریض صحن میں عشائیہ ترتیب دیا جائے گا۔ ایوانکاٹرمپ جو کہ شہر میں 28 نومبرسے شروع ہونے جا رہے 3 روزہگلوبل انٹرپیونرشپ سمٹ میں شرکت کے لئے حیدرآباد پہنچ رہی ہیں ان کے متعلق یہ اطلاعات موصول ہورہی ہیں کہ وہ سمٹ سے دویوم قبل حیدرآباد پہنچ جائیں گی لیکن کسی بھی امریکی عہدیدار اور قونصل خانہ کے ذمہ دار نے اس بات کی توثیق نہیں کی کہ وہ معروف موسیقار اے آر رحمن کے لائیوشو میں 26 نومبر کو شرکت کریں گی۔ ایوانکا ٹرمپ کا قیام دورۂ حیدرآباد کے دوران ہوٹل ویسٹ ان میں ہوگا – 28نومبرکو ایوانکا ٹرمپ اور نریندر مودی GES-2017کا افتتاح انجام دیں گے اور اس کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے بعد ایوانکا ٹرمپ دوسرے سیشن میں تجارتی برادری سے خصوصی خطاب کریں گی۔ 28 نومبر کی شام وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے ایوانکا ٹرمپ کے اعزاز میں فلک نما پیالس میں عشائیہ ترتیب دیا جائے گا اور اس عشائیہ میں GES میں شرکت کرنے والے سرکردہ تاجرین کے علاوہ مرکزی و ریاستی حکومت کے ذمہ داروں کے علاوہ نیتی آیوگ کے عہدیدار موجود رہیں گے۔ دوسرے دن ایوانکا ٹرمپ کے اعزازمیں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے عشائیہ ترتیب دینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کیلئے قلعہ گولکنڈہ کا انتخاب عمل میں لایاگیا ہے جہاں امریکی صدر کی دختر کو حیدرآبادی تہذیبی روایات کے ساتھ عشائیہ دیا جائے گا۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق قلعہ گولکنڈہ میں منعقد کئے جانے والے اس عشائیہ کے دوران لائیو میوزک کے اہتمام کے متعلق بھی غور کیا جارہاہے۔ حیدرآباد میں اپنے قیام کے دوران ایوانکا ٹرمپ تاریخی چارمینار اور چومحلہ پیالس کا مشاہدہ بھی کرسکتی ہیں ان قیاس آرائیوں کے سبب چارمینار کے اطراف میں جاری چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے تعمیراتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر چارمینار کے اطراف کے ماحول میں تبدیلی رونما نہیں ہوتی ہے تو ایسی صورت میں ایوانکا ٹرمپ چارمینار اور چو محلہ کا دورہ نہیں کر پائیں گی لیکن ریاستی حکومت کے محکمہ سیاحت کی جانب سے شہر کے بیشتر سرکردہ مقامات کے اطراف و اکناف انتظامات کو بہتر بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ امریکی صدر کی دختر شہر کے کسی بھی سیاحتی مقام کے دورہ کی خواہش کا اظہار کرتی ہیں تو فوری انتظامات کو یقینی بنایا جا سکے۔

TOPPOPULARRECENT