Wednesday , July 18 2018
Home / Top Stories / صدر ایران حسن روحانی کا آج سے تین روزہ دورہ ہند

صدر ایران حسن روحانی کا آج سے تین روزہ دورہ ہند

باہمی تعلقات، علاقائی و بین الاقوامی مسائل پر وزیراعظم مودی سے تبادلہ خیال موقع

نئی دہلی ۔ 14 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) صدر ایران حسن روحانی کل سے تین روزہ دورہ پر ہندوستان پہنچ رہے ہیں۔ اس دورہ کے دوران باہمی مفادات کے علاقائی و بین الاقوامی مسائل پر ہند ۔ ایران بات چیت ہوگی۔ صدر ایران کے دورہ کا اعلان کرتے ہوئے وزارت خارجی امور نے کہا کہ حسن روحانی اور وزیراعظم نریندر مودی باہمی تعلقات میں اب تک کی پیشرفت کا جائزہ لیں گے۔ حیدرآباد میں سرکاری ذرائع نے بتایا کہ صدر روحانی کل دوپہر بیگم پیٹ ایرپورٹ پر پہنچیں گے۔ بعدازاں وہ مسلم دانشوروں، مفکراسلام اور علمائے کرام سے خطاب کریںگے۔ اگست 2013ء میں صدر ایران کی حیثیت سے حلف لینے کے بعد روحانی کا یہ پہلا دورہ ہند ہوگا۔ صدر ایران کے دورہ کے دوران دونوں جانب باہمی تعلقات میں اب تک ہونے والی پیشرفت اور کامیابیوں کا جائزہ لیا جائے گا اور باہمی مفادات کے علاقائی و بین الاقوامی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ نئی دہلی میں وزارت خارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم نریندر مودی سے وسیع تر مذاکرات کے علاوہ وہ دیگر ہندوستانی قائدین سے بھی باہمی اور علاقائی مسائل پر بات چیت کریں گے۔ صدر ایران ہفتہ کے دن آبزرور ریسرچ فاونڈیشن سے بھی خصوصی خطاب کریں گے۔ ان ملاقاتوں کے دوران حسن روحانی اور ہندوستانی قائدین کے درمیان عالمی تبدیلیوں اور علاقائی مسائل پر غوروحوض ہوگا۔ چھابر بندرگاہ کو جلد سے جلد شروع کرنے پر بھی بات چیت ہوگی۔ وزارت خارجہ سے ایک بیان میں بتایا گیا کہ حسن روحانی کا یہ دورہ نہایت مؤثر اور باہمی تجارت میں کارآمد ثابت ہوگا۔ اس خطہ میں افغانستان تک باہمی رسائی اور علاقائی و بین الاقوامی مارکٹ تک رسائی کیلئے بات چیت کی جائے گی۔ وزیراعظم مودی کے 2016ء میں دورہ ایران کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان تقریباً ایک درجن معاہدوں پر دستخط ہوئے تھے۔ وزیراعظم مودی، صدر ایران روحانی اور صدر افغانستان اشرف غنی کی موجودگی میں ہند ۔ ایران اور افغانستان کے وزرائے ٹرانسپورٹ میں سہ رخی ٹرانزٹ معاہدہ پر دستخط کئے گئے تھے۔ وزارت خارجی امور کے مطابق ہند ۔ ایران کے درمیان 2016-17ء کے مالیاتی سال کے دوران 12.89 بلین امریکی ڈالر کے باہمی تجارتی معاہدے ہوئے۔ صدر روحانی حیدرآباد کا دورہ کرتے ہوئے تاریخی مکہ مسجد میں نماز جمعہ ادا کریں گے اور اجتماع سے خطاب کریں گے۔ وہ تاریخی مقامات گنبدان خطاب شاہی کا بھی دورہ کریں گے۔ صدر روحانی کا یہ حیدرآباد کو دوسرا دورہ ہے۔ وہ 16 فبروری کو نئی دہلی میں روانہ ہوں گے۔

TOPPOPULARRECENT