Tuesday , December 18 2018

صدر ایران حسن روحانی کے دورہ کے موقع پر پولیس کے سکیورٹی انتظامات

صبح 8:30 بجے تاریخی گولکنڈہ کا مشاہدہ ، ایک بجے مکہ مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی
حیدرآباد ۔ /15 فبروری (سیاست نیوز) صدر ایران ڈاکٹر حسن روحانی کی مکہ مسجد میں آمد کے پیش نظر ساؤتھ زون پولیس نے سکیورٹی کے وسیع تر انتظامات کئے ہیں ۔ اس ضمن میں کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر ایم وی وی سرینواس راؤ نے مسجد پہونچ کر سکیورٹی انتظامات کا راست جائزہ لیا اور بعض ہدایتیں جاری کیں ۔ پولیس نے سکیورٹی کیلئے دو ہزار پولیس فورس کو متعین کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں ریاپڈ ایکشن فورس کے علاوہ آکٹوپس گرے ہانڈس اور کوئیک ری ایکشن ٹیم کا عملہ بھی شامل رہے گا ۔ اس کے علاوہ انٹلیجنس عملہ اور اسپیشل برانچ پولیس ملازمین کو سادے لباس میں ڈیوٹی پر تعینات کیا جارہا ہے تاکہ صدر ایران کی احاطہ مکہ مسجد میں سکیورٹی کو یقینی بنایا جاسکے ۔ ساؤتھ زون پولیس نے صدر ایران حسن روحانی کے داخلے کیلئے بھی خصوصی اسکیم تیار کی ہے اور انہیں مکہ مسجد کے مہاجرین کیمپ کے داخلے سے اندر لے جایا جائے گا اور ان کے ساتھ ان کے خصوصی سکیورٹی گارڈس بھی موجود رہیں گے ۔ پولیس نے مکہ مسجد انتظامیہ کی مدد سے صدر ایران کے داخلے کیلئے احاطہ مکہ مسجد میں عارضی بیریکیٹس بھی نصب کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ ایران کے صدر کے مکہ مسجد میں خطاب کے دوران احاطہ مکہ مسجد میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ کڑی نظر رکھی جائے گی اور ایڈیشنل کمشنر آف پولیس سٹی آرمڈ ریزرو ہیڈکوارٹرس کو مکہ مسجد کا سکیورٹی انچارج بنایا گیا ہے ۔ مسجد کے تمام باب الداخلوں پر سٹی سکیورٹی ونگ کے عملہ کو متعین کیا جارہا ہے تاکہ مسجد میں داخل ہونے والے افراد کی تلاشی لی جاسکے ۔

کمشنر پولیس حیدرآباد کے ہمراہ سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود مسٹر ایم دانا کشور بھی موجود تھے ۔ انہوں نے سپرنٹنڈنٹ مکہ مسجد عبدالقدیر صدیقی سے بھی تفصیلات حاصل کیں ۔ وی آئی پی کی شہر میں آمد کے پیش نظر حیدرآباد ٹریفک پولیس نے بھی ٹریفک کے خصوصی انتظامات کئے ہیں ۔ صدر ایران تاریخی گولکنڈہ کے مشاہدے کیلئے کل صبح ہوٹل تاج کرشنا بنجارہ ہلز سے صبح 8.30 بجے علاقہ مانصاحب ٹینک ، مہدی پٹنم، نانل نگر اور ٹولی چوکی سے گزرتے ہوئے وہاں پہونچیں گے اور وہ 10.30 تا 11.30بجے کے درمیان وہاں سے دوبارہ ہوٹل کیلئے روانہ ہوں گے ۔ اسی طرح صدر ایران کے مکہ مسجد میں منعقدہ خطاب کیلئے وہ تاج کرشنا ہوٹل سے 12.15 تا 12.45 کے درمیان وہاں سے روانہ ہوں گے اور وہ خیرت آباد جنکشن ، سکریٹریٹ ، امبیڈکر مجسمہ ، بشیر باغ ، جی پی او عابڈس ، معظم جاہی مارکٹ ، افضل گنج ، مرینا ہائیکورٹ ، موسیٰ باؤلی سے لاڈبازار ہوتے ہوئے مسجد پہونچیں گے ۔ مسجد میں خطاب کے بعد وہ 1.30 تا 2.15 بجے کے درمیان وہ دوبارہ ہوٹل کیلئے روانہ ہوں گے اور ان کا قافلہ ہائیکورٹ ، نیا پل ، افضل گنج ، معظم جاہی مارکٹ ، جی پی او نامپلی ، قانون ساز اسمبلی ، لکڑی کاپل ، مہاویر ہاسپٹل سے گزرتا ہوا بنجارہ ہلز پہونچے گا ۔ اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر پولیس ٹریفک مسٹر اے وی رنگاناتھ نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ مذکورہ پروگرام کے پیش نظر وہ اپنے مقامات کیلئے روانہ ہوں چونکہ وی آئی پی کے قافلے کی آمد و رفت کے دوران ٹریفک کو کئی مقامات پر روک دیا جائے گا۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT