Friday , September 21 2018
Home / شہر کی خبریں / صدر تلنگانہ پی سی سی اقلیت ڈپارٹمنٹ کے ناموں کو قطعیت

صدر تلنگانہ پی سی سی اقلیت ڈپارٹمنٹ کے ناموں کو قطعیت

فہرست کانگریس ہائی کمان کو روانہ کرنے کی تیاری، منگل کو ڈگ وجے سنگھ کا دورہ

فہرست کانگریس ہائی کمان کو روانہ کرنے کی تیاری، منگل کو ڈگ وجے سنگھ کا دورہ
حیدرآباد /14 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس نے تلنگانہ پردیش اقلیت ڈپارٹمنٹ کے لئے ناموں کا انتخاب کرلیا ہے۔ واضح رہے کہ اقلیت ڈپارٹمنٹ کی تحلیل کے بعد نئے صدر کے انتخاب کے لئے اقلیتی قائدین کے نامور پر صدر تلنگانہ پردیش کانگریس پنالہ لکشمیا اور اے آئی سی سی سکریٹری انچارج کنٹیا نے اب تک دو مرتبہ غور کیا، اس طرح دس قائدین کی فہرست صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کے پاس موجود ہے، جس میں سے تین قائدین کے ناموں کو منتخب کرتے ہوئے صدر آل انڈیا کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ خورشید احمد سعید کو روانہ کردیا جائے گا۔ گاندھی بھون ذرائع نے بتایا کہ اقلیت ڈپارٹمنٹ کی صدارت کے لئے گاندھی بھون کو کئی درخواستیں موصول ہوئی ہیں، تاہم مشاورت کے بعد دس قائدین کے ناموں کو قطعیت دی گئی، جب کہ آئندہ دو دن میں مزید مشاورت کے بعد قطعی ناموں کا انتخاب کیا جائے گا اور جنرل سکریٹری آل انڈیا کانگریس و انچارج تلنگانہ کانگریس امور ڈگ وجے سنگھ کی منظوری سے دہلی روانہ کردیا جائے گا۔ ذرائع کے بموجب پہلی مرتبہ اقلیت ڈپارٹمنٹ کی صدارت کے لئے قائدین کے درمیان دوڑ دھوپ دیکھی جا رہی ہے۔ پارٹی ایسے قائد کا انتخاب کرنا چاہتی ہے، جو کانگریس کے استحکام کے علاوہ اقلیتوں میں پارٹی کے وقار کو بحال کرنے میں اہم رول ادا کرسکے۔ ساتھ ہی پارٹی کی رکنیت سازی مہم میں قائدین کی حصہ داری پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے بموجب 20 جنوری کو ڈگ وجے سنگھ سہ روزہ دورے پر حیدرآباد پہنچ رہے ہیں۔ عام انتخابات میں علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے کے باوجود کانگریس کی شکست کا جائزہ لینے 20 اور 21 جنوری کو گاندھی بھون میں خصوصی اجلاس طلب کیا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں 130 کانگریس قائدین و دانشوروں پر مشتمل پینلس تیار کئے جا رہے ہیں اور ہر پینل میں 15 قائدین و دانشور موجود ہوں گے۔ بعد ازاں پینل کے اجلاس میں پیش کردہ تجاویز کو دہلی روانہ کیا جائے گا۔ ذرائع کے بموجب 22 جنوری کو ضلعی سطح پر بھی اس طرح کے اجلاس منعقد ہوں گے۔

TOPPOPULARRECENT