Wednesday , December 12 2018

صدر تلنگانہ کانگریس کا بیدر ہجومی تشدد کے مہلوک کے افراد خاندان سے اظہار تعزیت

کانگریس سے ڈھائی لاکھ کی امداد ، راہول گاندھی کے تعزیتی مکتوب کی پیشکشی ، خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کے لیے حکومت کرناٹک سے نمائندگی کا تیقن
حیدرآباد ۔ 18 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے کانگریس قائدین کے ایک وفد کے ساتھ پرانے شہر کے بارکس پہونچ کر ہجومی تشدد کے دوران بیدر میں ہلاک ہونے والے محمد اعظم کے ارکان خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے پارٹی کی طرف سے مالی امداد پیش کی ۔ واقعہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ، مرحوم محمد اعظم کے والد کو صدر کانگریس راہول گاندھی کا تعزیتی مکتوب حوالے کیا ۔ اس موقع پر قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل محمد علی شبیر سابق ریاستی وزیر داخلہ سبیتا اندرا ریڈی ، اے آئی سی سی سکریٹری وی ہنمنت راؤ سابق رکن پارلیمنٹ بلرام نائیک صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ محمد خواجہ فخر الدین صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل ترجمان تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی سید نظام الدین سابق کارپوریٹر محمد غوث ، ساجد شریف ، سلیم بابا ، محمد افضل ، یوسف پٹیل ، اعجاز خاں کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے محمد اعظم کے والد محمد عثمان سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں کانگریس پارٹی کی جانب سے پرسہ دیا اور 2.5 لاکھ روپئے کا چیک حوالے کیا اور ساتھ ہی صدر کانگریس راہول گاندھی کا تعزیتی مکتوب بھی پیش کیا ۔ کانگریس کی جانب سے ان کے خاندان کو ہر ممکن تعاون کرنے کا تیقن دیا ۔ اتم کمار ریڈی نے ان کے والد کو یقین دلایا کہ وہ اس سلسلے میں کرناٹک حکومت سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے حملہ آوروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی بھی نمائندگی کریں گے ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے ہجومی تشدد میں نوجوان انجینئر محمد اعظم کی بیدر میں موت واقع ہوجانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ سوشیل میڈیا پر افواہیں پھیلانے والوں کو کنٹرول کرنے کے لیے ایک میکانزم تیار کریں اور ہجومی تشدد کے خلاف عوام میں شعور بھی بیدار کریں ۔ جھوٹی اور بے بنیاد افواہوں کے باعث ایک نوجوان اپنی قیمتی زندگی سے محروم ہوگیا ہے ۔ اس واقعہ پر انہیں بہت بڑا صدمہ پہونچا ہے ۔ سوشیل میڈیا کی جھوٹی تشہیر سے ایک حیدرآبادی نوجوان ہلاک ہوا ہے جو قابل مذمت ہے ۔ محمد اعظم کی موت پر صدر کانگریس راہول گاندھی نے بھی شدید غم و رنج کا اظہار کرتے ہوئے ایک تعزیتی مکتوب روانہ کیا ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے محمد اعظم کے واقعہ کو مختلف پلیٹ فارمس پر اٹھاتے ہوئے ہجومی تشدد کے خلاف آواز اٹھانے کا اعلان کیا ہے اور کہا کہ یہ بے دردانہ واقعہ کرناٹک میں پیش آیا ہے ۔ مگر ایسے واقعات کے خلاف تلنگانہ میں بھی تحریک چلانے کی ضرورت ہے جو تنظیمیں ہجومی تشدد کے خلاف تحریک چلا رہی ہے ۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اس کی بھر پور تائید و حمایت کرے گی ۔۔

TOPPOPULARRECENT