Wednesday , December 12 2018

صدر جمہوریہ ہند رام ناتھ کووند کا دورہ امراوتی

۔27 ڈسمبر کو آمد متوقع ، سائبر گرڈ کے افتتاح کی تیاریاں
حیدرآباد /13 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) صدر جمہوریہ ہند مسٹر رام ناتھ کووند توقع ہے کہ جاریہ ماہ 27 ڈسمبر ریاست آندھراپردیش کی راجدھانی امراوتی کا دورہ کریں گے ۔ ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ صدر جمہوریہ ہند امراوتی آنے پر 27 ڈسمبر کو ’’سائبر گرڈ ‘‘ کا افتتاح کریں گے ۔ صدر جمہوریہ ہند کے دورہ امراوتی کے سلسلہ میں خود چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے محکمہ جات کے اعلی عہدیداروں کے ساتھ اجلاس طلب کرتے ہوئے پروگرام سے واقف کروایا اور صدر جمہوریہ ہند کے دورہ امراوتی کیلئے کئے جانے والے انتظامات میں کسی بھی نوعیت کی کوتاہی یا غفلت و لاپرواہی نہ برتنے کی سخت ہدایات دیں ۔ چیف منسٹر نے مزید بتایا کہ نئے سال کے آغاز کے ساتھ ہی 2 جنوری سے ریاست بھر میں جنم بھومی ہمارا گاؤں پروگرام کا آغاز ہوگا اور ریاست بھر میں دس دنوں تک جنم بھومی ہمارا گاؤں پروگرام جاری رہے گا ۔ مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے اس پروگرام کے کامیاب انعقاد کیلئے تمام عہدیداروں کو تیار رہنے کی سخت ہدایات دیں ۔

گناورم ایرپورٹ سے عنقریب بین الاقوامی پروازوں کا آغاز
مرکزی وزیر ہوابازی پی اشوک گجپتی راجو کا بیان
حیدرآباد /13 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) مرکزی وزیر ہوابازی ( ایرلائینس ) مسٹر بی اشوک گجپتی راجو نے کہا کہ ریاست آندھراپردیش کے گناورم ایرپورٹ سے بہت جلد انٹرنیشنل فلائیٹس کی پروازوں کا آغاز ہوگا ۔ آج وجئے واڑہ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر اشوک گجپتی راجو نے بتایا کہ گناورم ایرپورٹ کے توسیعی کاموں کی تکمیل کے فوری بعد سے اس ایرپورٹ سے انٹرنیشنل فلائیٹس ( طیاروں ) کی پروازیں شروع کردی جائیں گی اور ساتھ ہی ساتھ کہا کہ 19 ڈسمبر سے گناورم تا ممبئی ریاستی عوام کیلئے راست فلائیٹ کی سہولت کا آغاز کیا جائے گا ۔ جس سے نہ صرف ریاست آندھراپردیش بلکہ خصوصی طور پر وجئے واڑہ ( ضلع کرشنا ) کے عوام کو وجئے واڑہ سے ممبئی روانگی میں کافی سہولت فراہم ہوگی ۔

TOPPOPULARRECENT