Friday , December 15 2017
Home / شہر کی خبریں / صدر قاضی کے قبضہ سے عمانی شہری کا بھیجا گیا فیملی ویزا برآمد

صدر قاضی کے قبضہ سے عمانی شہری کا بھیجا گیا فیملی ویزا برآمد

حیدرآباد۔ 16 اکتوبر (سیاست نیوز) کم عمر لڑکیوں کی عرب شیخوں سے شادی کے نیٹ ورک کو ختم کرنے کی کوشش جاری ہے اور آج فلک نما پولیس نے صدر قاضی علی عبداللہ رفاعی کے قبضہ سے عمانی شہری کی جانب سے پرانے شہر کی ایک لڑکی کیلئے بھیجے گئے ویزا کو برآمد کرلیا۔ ذرائع نے بتایا کہ چندرائن گٹہ پولیس نے 14 اکتوبر کو والٹا قاضی کو مزید تین دن کیلئے اپنی تحویل میں لے کر پرانے شہر کی ایک لڑکی اسماء کی جانب سے درج کئے گئے مقدمہ کی تحقیقات کے تحت قاضی کے دفتر پر دھاوا کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس نے اس کارروائی کے دوران لڑکی کے عمانی شوہر کی جانب سے بھیجے گئے فیملی ویزا کو اس کے قبضہ ضبط کرلیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتہ لڑکی نے چندرائن گٹہ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرواتے ہوئے یہ بتایا تھا کہ قاضی علی عبداللہ رفاعی نے اس کی شادی کے عوض لاکھوں روپئے نقد خطیر رقم تو حاصل کرلی لیکن لڑکی کا پاسپورٹ اور اس کے عمانی شوہر کی جانب سے بھیجے گئے فیملی ویزے کو غیرقانونی طور پر اپنے قبضہ میں رکھتے ہوئے اسے لڑکی کے حوالے کرنے سے انکار کررہا تھا۔ پولیس نے گزشتہ دنوں اس کے قبضہ سے لڑکی کا پاسپورٹ برآمد کرلیا تھا لیکن ویزا برآمد کرنے میں تاخیر ہوئی تھی جس کے سبب قاضی کو مزید تین دن کیلئے پولیس تحویل میں لیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT