Tuesday , December 12 2017
Home / شہر کی خبریں / صدر نشین چھتیس گڑھ وقف بورڈ کا دورہ حج ہاوز

صدر نشین چھتیس گڑھ وقف بورڈ کا دورہ حج ہاوز

اے پی و تلنگانہ بورڈس کی کارکردگی اور وقف جائیدادوں کے تحفظ پر اقدامات کی ستائش
حیدرآباد ۔ 25۔ جولائی (سیاست نیوز) چھتیس گڑھ کے صدرنشین وقف بورڈ سلیم اشرفی نے آج حج ہاؤز کا دورہ کرتے ہوئے تلنگانہ اور آندھراپردیش وقف بورڈس  کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ سلیم اشرفی جو سنٹرل وقف کونسل کے رکن بھی ہیں، دونوں ریاستوں کے بورڈس کی کارکردگی اور اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ سکریٹری اقلیتی بہبود تلنگانہ سید عمر جلیل اور آندھراپردیش کے ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شیخ محمد اقبال کے علاوہ چیف اگزیکیٹیو آفیسر آندھراپردیش ایل عبدالقادر نے وقف بورڈ کی کارکردگی اور درپیش مسائل سے واقف کرایا۔ سلیم اشرفی نے کہا کہ مرکزی حکومت اوقافی جائیدادوں کے ذریعہ مسلمانوں کو فائدہ پہنچانا چاہتی ہے ، وزیراعظم نریندر مودی نے سنٹرل وقف کونسل کے ارکان کے ساتھ تین مرتبہ اجلاس طلب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے ریاستوں کی جانب سے موصول ہونے والی تجاویز پر مثبت غور کرے گی۔ انہوں نے دونوں ریاستوں کے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ درپیش مسائل کی تفصیلات روانہ کریں تاکہ سنٹرل وقف کونسل کے ذریعہ مرکز کو نمائندگی کی جاسکے۔ انہوں نے موجودہ وقف ایکٹ میں ترمیم سے متعلق تجاویز بھی روانہ کرنے کا مشورہ دیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ میں اہم رکاوٹ اختیارات کی کمی ہے۔ وقف بورڈ کو جوڈیشیل اختیارات دیئے جائیں تو اسے جائیدادوں کے تحفظ کیلئے کسی اور محکمہ پر انحصار کرنا نہیں پڑے گا۔ سلیم اشرفی نے وقف آمدنی میں اضافہ کیلئے تلنگانہ اور آندھرا وقف بورڈ کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ غیر مجاز قبضوں کی برخواستگی کیلئے سنٹرل وقف کونسل ریاستوں سے ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے۔ مرکزی حکومت کے اشتراک سے تلنگانہ میں اوقافی جائیدادوں کی ترقی کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے جس سے سلیم اشرفی کو واقف کیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT