Thursday , December 14 2017
Home / Top Stories / صدر کانگریس سونیا گاندھی کی صحت مستحکم

صدر کانگریس سونیا گاندھی کی صحت مستحکم

آرمی ہاسپٹل سے منتقل، عوام اور بہی خواہوں سے صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں پر اظہار تشکر

نئی دہلی 3 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس سونیا گاندھی جن کی  کل وارناسی میں روڈ شو کے دوران اچانک طبیعت بگڑ گئی تھی اور اُنھیں نئی دہلی واپس ہونا پڑا تھا، آج صحت مستحکم بتائی گئی ہے۔ اُنھیں مغربی دہلی میں گنگا رام ہاسپٹل منتقل کیا جارہا ہے۔ سونیا گاندھی کو کل رات کافی تیز بخار کے سبب فوج کے ریسرچ اینڈ ریفرل ہاسپٹل میں شریک کیا گیا۔ 69 سالہ صدر کانگریس چارٹرڈ طیارہ کے ذریعہ کل رات یہاں پہونچیں اور اُنھیں علالت کے سبب وارناسی میں 8 کیلو میٹر طویل روڈ شو درمیان میں ہی ترک کردینا پڑا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ سونیا گاندھی کو گنگا رام ہاسپٹل منتقل کیا جارہا ہے کیوں کہ اِس سے پہلے بھی اُن کا اِسی ہاسپٹل میں علاج کیا گیا تھا۔ قبل ازیں آج دن میں اے آئی سی سی میڈیا سیل انچارج رندیپ سرجیوالا نے کہاکہ صدر کانگریس کی صحت کافی بہتر ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ سونیا گاندھی کل ہی وارناسی واپس ہونا چاہتی تھیں تاکہ عوام سے ملاقات کے علاوہ تاریخی کاشی وشواناتھ جی مندر میں درشن کئے جاسکیں۔ اُنھوں نے کہاکہ واپسی میں اُنھیں دہلی کے ہاسپٹل میں شریک کیا گیا تھا جہاں اُن کی صحت کافی مستحکم ہے اور وہ تیزی سے روبہ صحت ہورہی ہیں۔ کانگریس نائب صدر راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی بھی اُن کے ہمراہ ہیں۔ سونیا گاندھی کے داماد رابرٹ وڈرا نے بھی اُن کی عیادت کی۔ سینئر پارٹی لیڈر غلام نبی آزاد نے کل کہا تھا کہ اُن کی حالت مستحکم ہے اور وہ ڈی ہائیڈریشن کا شکار ہوگئی تھیں۔ اِس دوران سر گنگارام ہاسپٹل کے میڈیکل بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ اُنھیں آج دن میں تقریباً 1.30 بجے یہاں شریک کیا گیا ہے اور ڈاکٹر اروپ باسو اور اُن کی ٹیم شعبہ شش کی وہ زیرنگرانی ہیں۔ اُن کے جسم سے پانی کا زیادہ اخراج ہوگیا تھا لیکن اب اُن کی صحت مستحکم ہے۔ صدر کانگریس نے ملک کے کروڑوں عوام اور کانگریس قائدین و کارکنوں کی جانب سے اُن کی صحت کے بارے میں فکرمندی اور صحت یابی کے لئے نیک تمناؤں پر اظہار تشکر کیا۔

TOPPOPULARRECENT