Thursday , October 18 2018
Home / Top Stories / صرف کانگریس ہی ملک کو مودی اور بی جے پی سے نجات دلاسکتی ہے

صرف کانگریس ہی ملک کو مودی اور بی جے پی سے نجات دلاسکتی ہے

کے سی آر کو ووٹ دینے کا مطلب بی جے پی کا استحکام
جناب سید وقارالدین ایڈیٹر ’رہنمائے دکن ‘ سے ملاقات کے بعد کیپٹن اُتم کمار ریڈی کی صحافیوں سے بات چیت
حیدرآباد ۔ 24ستمبر ( سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اُتم کمار ریڈی نے تلنگانہ کے کارگزار چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر بی جے پی کے ایجنٹ کے طور پر کام کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ ٹی آر ایس کو ووٹ دینے کا مطلب بی جے پی کو مستحکم بنانا ہے ۔ کیپٹن اُتم کمار 24 ستمبر کی شام زیبا باغ آصف نگر میں چیف ایڈیٹر روزنامہ ’’ رہنمائے دکن‘‘ سید وقار الدین سے ان کی قیام گاہ پر ملاقات اور اقلیتوں سے متعلق مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کے بعد اخباری نمائندوں سے مخاطب تھے ۔ اس موقع پر جناب ظفر جاوید سینئر کانگریس قائد ‘ عامرجاوید سکریٹری اے آئی سی سی ریسرچ سنٹر تلنگانہ ‘ ڈاکٹر میراکبر علی خاں ( وائس چیرمین انڈو عرب لیگ حیدرآباد ) ‘ جناب محمد خلیق الرحمن اور سید احمد امیر الدین موجود تھے ۔ صدر ٹی پی سی سی نے کہا کہ کے سی آر اقلیت کا وعدہ کرتے ہیں ‘ شیروانی پہن کر اقلیتوں کو لبھاتے ہیںمگر عملی طور پر ہر وہ کام کرتے ہیں جس سے بی جے پی بالخصوص مسٹر نریندر مودی کے ہاتھ مضبوط ہوسکے ۔ چاہے وہ ہندوستان کے صدر کا انتخاب ہو ‘ نائب صدر کا انتخاب ہو ‘ ڈپٹی چیرمین راجیہ سبھا کا الیکشن ہو ۔ انہوں نے ہمیشہ مودی یا بی جے پی کے موقف کی حمایت کی ۔ بی جے پی اور ٹی آر ایس ‘ مودی اور کے سی آر ایک ہی سکہ کے دو رُخ ہیں اس کا ثبوت اس سے بھی ملتا ہے کہ وزیراعظم نے ایوان میں اپنی تقریر میں کے سی آر کی تعریف کی ۔ صدر پردیش کانگریس نے مجلس پر بھی کڑی تنقید کی اور کہا کہ وہ ٹی آر ایس کی حلیف ہیں جبکہ ٹی آر ایس اور بی جے پی کے ساز باز کسی سی پوشیدہ نہیں ہے ۔ مجلس کو آخر ایسی کیا مجبوری ہے کہ وہ بی جے پی کا ساتھ دے رہی ہے ۔ اُتم کمار ریڈی نے کہا کہ اس ملک کو مودی اور بی جے پی سے صرف کانگریس ہی نجات دلاسکتی ہے ۔ اس لئے وہ اقلیتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ کانگریس کا ساتھ دیں ۔ کیونکہ کانگریس نے آندھراپردیش میں اقلیتوں کیلئے پہلے پانچ فیصد تحفظات کا اعلان کیا ۔ قانونی رکاوٹوں کی وجہ سے چار فیصد تحفظات ہوسکیں اور اس سے ہزاروں اقلیتی نوجوان فیضیاب ہوئے ہیں ۔ اس کے برعکس ٹی آر ایس نے 12فیصد تحفظات کا وعدہ کیا ‘ یہاں تک کہا کہ اس سلسلہ میں نریندر مودی سے بات چیت ہوچکی ہے اور اگر وہ تحفظات کے مطالبہ کو تسلیم نہ کرے تو ٹی آر ایس مودی اور بی جے پی کی مخالفت کرے گی مگر اس کا عمل اس کے برعکس ہے ۔ کیپٹن اُتم کمار نے کہا کہ وہ مذہبی انتہا پسندی کے شدید مخالف ہیں ‘ چاہے وہ ہندو توا کے نام پر ہندوؤں کی ہو یا کسی دوسرے مذہب کی ۔ وہ سیکولر اقدار کے حامی ہیں اور اس پر یقین رکھتے ہیں اس کی بحالی کیلئے کمربستہ ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ وہ عنقریب مسلم ماہرین تعلیم ‘ دانشوروں اور معزز شخصیات کے ساتھ ایک اجلاس طلب کریں گے اور ان کے تجاویز اور مشوروں سے انتخابی منشور تیار کریں گے ۔ قبل ازیں جناب سید وقار الدین نے اُتم کمار ریڈی کا خیرمقدم کیا اور اس کے سیکولر خیالات کی ستائش کی ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو صرف انصاف چاہیئے ‘ ان کے تعلیمی ‘ معاشی مسائل کو حل کیا جائے ۔ اُتم کمار نے انہیں تیقن دیا کہ کانگریس ہر قیمت پر انصاف رسانی کیلئے جدوجہد کرے گی ۔ اُتم کمار ریڈی نے اپنے سے متعلق بتایا کہ لڑاکا طیاروں کے پائلٹ رہے ہیں ۔ انہوں نے ہند ۔ چین کے موقع پر لڑاکا طیارہ اڑائے ‘ انہوں نے اپنے اس پیشہ سے سبکدوشی اختیار کرتے ہوئے قوم کی خدمت کیلئے عملی سیاست میں داخلہ لیا ۔

TOPPOPULARRECENT