Thursday , November 23 2017
Home / شہر کی خبریں / صفائی کرمچاریوں کی تنخواہوں میں اضافہ پر جشن کا ماحول

صفائی کرمچاریوں کی تنخواہوں میں اضافہ پر جشن کا ماحول

سڑکوں کی صفائی کے دوران مٹھائی کی تقسیم ، 55 بلدیات میں خشک اور تر کچہرے علحدہ کرنے کی تجویز
حیدرآباد۔24مئی (سیاست نیوز) شہر میں صفائی عملہ کی تنخواہو ں میں حکومت کی جانب سے اچانک اضافہ کے سبب جاروب کش طبقہ میں جشن کا ماحول دیکھا گیا۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے جاروب کشوں نے آج شہر میں سڑکوں کی صفائی کے دوران جشن مناتے ہوئے مٹھائیاں تقسیم کیں اور حکومت کی جانب سے بغیر مطالبہ کے تنخواہوں میں اضافہ کئے جانے پر اظہار تشکر کیا۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے بتایا کہ دونوں بلدی حدود میں موجودصفائی عملہ کی تنخواہوں میں اضافہ کا فیصلہ حکومت کی صفائی کے متعلق سنجیدگی اور جی ایچ ایم سی حدود میں صفائی پر دی جانے والی توجہ کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے صفائی عملہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کی بلدیات میں جی ایچ ایم سی کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کو روبعمل لانے کے متعلق غور کیا جا رہا ہے اور ملک کے 55بلدیات میں سوکھے اور تر کچہرے کو علحدہ کرنے کے جی ایچ ایم سی کے منصوبہ کو اختیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو کہ جی ایچ ایم سی کی بڑی کامیابی ہے۔ریاستی حکومت کی جانب سے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے تحت خدمات انجام دینے والے صفائی عملہ کی تنخواہوں میں 1500روپئے کا اضافہ کرتے ہوئے 14000روپئے ماہانہ تنخواہیں کئے جانے کا فیصلہ کیا گیا اور تشکیل تلنگانہ کے بعد بلدیہ کے صفائی عملہ کی تنخواہوںمیں یہ دوسرا اضافہ ہے اور اس اضافہ کے لئے حکومت سے بلدیہ کی جانب سے کوئی سفارش نہیں کی گئی تھی لیکن سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ ریاست میں موجود دیگر بلدیات کے عملہ کو ترغیب دینے کے لئے حکومت نے یہ اقدام کیا ہے ۔ تشکیل تلنگانہ سے قبل مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے صفائی عملہ کی تنخواہیں 8500ہوا کرتی تھیں لیکن تلنگانہ راشٹر سمیتی نے اقتدار حاصل کرتے ہوئے جی ایچ ایم سی کے صفائی عملہ کی تنخواہوں میں 4ہزار روپئے کا اضافہ کیا تھا اور یہ تنخواہیں 12500تک پہنچ گئی تھیں لیکن گذشتہ یوم کئے گئے 1500روپئے کے اضافہ کے بعد اب صفائی عملہ کو 14ہزار روپئے ماہانہ تنخواہیں حاصل ہوں گی۔حکومت کی جانب سے کئے گئے اس اچانک اعلان کے بعد جی ایچ ایم سی کے صفائی عملہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور دونوں شہروں کے مختلف مقامات پر صفائی عملہ کی جانب سے جشن مناتے ہوئے بلدی عہدیداروں کو مٹھائیاں پیش کی گئیں۔ کمشنر جی ایچ ایم سی نے بتایا کہ اس اضافہ کے بعد عملہ میں صفائی اور اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے کی دلچسپی میں اضافہ ہوگا ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے صفائی عملہ کی حوصلہ افزائی کیلئے کیا گیا یہ اقدام شہر کی صفائی کو مزید بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

TOPPOPULARRECENT