Thursday , September 20 2018
Home / ہندوستان / صنعتی حلقوں کو بجٹ کے بعد شرح سود میں کمی کی امید

صنعتی حلقوں کو بجٹ کے بعد شرح سود میں کمی کی امید

75 بنیادی پوائنٹس کو کم کرنے کی ضرورت پر زور ۔ آر بی آئی پالیسی اعلان پر رد عمل کا اظہار

75 بنیادی پوائنٹس کو کم کرنے کی ضرورت پر زور ۔ آر بی آئی پالیسی اعلان پر رد عمل کا اظہار
نئی دہلی 3 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) آر بی آئی کی جانب سے شرح سود میس کسی تبدیلی سے گریز کے بعد صنعتی حلقوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ شرح سود میں کمی کا عمل بجٹ کی پیشکشی کے بعد شروع ہوسکتا ہے ۔ انڈیا آئی این سی نے حکومت اور آر بی آئی سے کہا ہے کہ وہ سرمایہ کاری میں تیزی لانے کیلئے شرح سود میں کمی کے اقدامات کرے ۔ 15 جنوری کو ریپو شرح میں 0.25 فیصد کی حیرت انگیز کٹوتی کے بعد ریزر بینک نے آج اپنی دو ماہی مالیاتی پالیسی کا اعلان کیا ہے اور اس میں بینک نے 7.75 فیصد کے شرح سود کو برقرار رکھا ہے اور اس میںکسی طرح کی تبدیلی نہیں کی گئی ہے ۔ سی آئی آئی کے صدر اجئے ایس شری رام نے کہا کہ اگر شرح سود میں معمولی سی 0.25 فیصد کی کٹوتی کی جاتی تو اس سے حالات میں بہتری آسکتی تھی سرمایہ کاری کا ماحول بہتر ہوسکتا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ وقتوں میں شرح سود میں کمی آئیگی جس کے نتیجہ میں مالیاتی صورتحال کو سہل اور بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سی آئی آئی کو امید ہے کہ ریزرو بینک کی جانب سے آئندہ پالیسی اعلان کے موقع پر اس تعلق سے اقدامات کئے جائیں گے اور حکومت کے ساتھ مل کر یہ کوشش کی جائیگی کہ سرمایہ کاری کو بہتر بنایا جاسکے ۔ ایک بیان میں صنعتی تنظیم فیڈریشن آف انڈین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( فکی ) نے کہا کہ اس بات کی ضرورت ہے کہ 2015 کے دوران مزید کم از کم 75 بنیادی پوائنٹس کی کمی کی جائے اور بینکس اسے صنعتوں کو کم شرح سود کے طور پر پیش کریں تاکہ بہتر بنیادوں پر ترقی کو مستحکم کیا جاسکے ۔ فکی کے صدر جیوتسنا سوری نے کہا کہ ریزرو بینک ایسا لگتا ہے کہ اقتصادی استحکام کے اقدامات پر توجہ کئے ہوئے ہے اور اس کی نظر بجٹ میں کئے جانے والے اعلانات پر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ حکومت اقتصادی بہتری کیئے کوشاں ہے ایسے میں ہمیں امید ہے کہ ریپو ریٹ میں کمی کا عمل سال 2015 – 16 کے بجٹ کی پیشکشی کے بعد شروع ہوگا ۔وزیر فینانس ارون جیٹلی این ڈی اے حکومت کا پہلا مکمل بجٹ 28 فبروری کو پیش کرنے والے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT