Sunday , December 17 2017
Home / شہر کی خبریں / صنعتی نمائش کے اوقات میں اضافہ نہ کرنے پر شہریوں کو مایوسی،شہر میں 12 بجے تک بازار کھلا رکھنے کی اجازت کے باوجود نمائش 11 بجے بند

صنعتی نمائش کے اوقات میں اضافہ نہ کرنے پر شہریوں کو مایوسی،شہر میں 12 بجے تک بازار کھلا رکھنے کی اجازت کے باوجود نمائش 11 بجے بند

حیدرآباد۔ 12 جنوری (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کو ترقی یافتہ شہروں میں شامل کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے رات دیر گئے تک بھی شہریوں کو سہولتوں کی فراہمی کیلئے 12 بجے تک بازار کھلے رکھنے کی اجازت دی گئی ہے، لیکن شہر میں جاری قدیم کُل ہند صنعتی نمائش کے اوقات کار میں اضافہ نہ کئے جانے کے سبب شہریوں کو مایوسی ہورہی ہے۔ شہریوں کی مایوسی کے ساتھ ساتھ نمائش میں بغرض تجارت اسٹالس لگانے والوں کا بھی یہ احساس ہے کہ اگر اوقات کار میں اضافہ کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں تجارتی سرگرمیاں بڑھیں گی۔ نمائش میں رات 10:30 بجے نصف سے زائد برقی قمقمے بند کردیئے جاتے ہیں اور سیاحوں کو باہر جانے کی ہدایت دی جاتی ہے جبکہ جھولے والے علاقہ میں رات 11:30 بجے تک تجارتی سرگرمیاں جاری رہتی ہیں۔ نمائش کے اوقات کو 12 بجے شب تک وسعت دیئے جانے کی صورت میں نہ صرف شہریوں کو سہولت حاصل رہے گی بلکہ اس سے کئی مسائل دُور ہوسکتے ہیں جیسے اگر رات 12 بجے تک نمائش جاری رہتی ہے تو شہری ٹریفک میں کوئی خلل پیدا نہیں ہوگا بلکہ شہر میں  چلائی جانے والی مال برداری گاڑیوں کی ٹریفک اور حمل و نقل میں آسانی پیدا ہوگی۔ شہر کے تجارتی مراکز میں رات 12 بجے تک بازار کھلے رکھنے کی اجازت ہے اور ایک گھنٹہ کاروبار بند کرنے کیلئے فراہم کیا جارہا ہے۔ اس اعتبار سے رات ایک بجے تک شہر میں تجارتی سرگرمیاں بالخصوص ہوٹلس وغیرہ کی سرگرمیاں جاری رہتی ہیں، اگر نمائش سوسائٹی کی جانب سے نمائش کے اوقات میں اضافہ کیا جاتا ہے تو اس کے فائدے تاجرین کے ساتھ ساتھ شہریوں کو بھی حاصل ہوں گے۔ عموماً نمائش کو بغرض سیاحت پہونچنے والے افراد دفتری مصروفیات سے فارغ ہونے کے بعد نمائش کا رُخ کرتے ہیں۔ اس طرح نمائش پہونچنے تک تقریباً 8:30 تا 9:00 بج جاتے ہیں۔ نمائش میں تجارت کررہے افراد کا کہنا ہے کہ طویل عرصہ سے یہی اوقات کار چل رہے ہیں لیکن زمانہ میں آرہی تیز رفتار تبدیلیوں کے سبب نمائش کے اوقات کم نظر آرہے ہیں۔ اسی لئے نمائش سوسائٹی کی ذمہ داری ہے کہ وہ اوقات میں اضافہ کرنے کے احکامات جاری کریں۔ شہر کے اطراف بالخصوص شلپارامم وغیرہ میں منعقد ہونے والی نمائشوں میں رات دیر گئے تک سرگرمیاں عروج پر ہوتی ہیں۔ نمائش سوسائٹی کی جانب سے عام تاجرین اور جھولوں کے درمیان اوقات کار میں تبدیلی پر بھی تاجرین میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔ یقیناً نمائش میں جھولوں کے گوشہ کو کافی اہمیت حاصل ہے لیکن نمائش سوسائٹی کو چاہئے کہ وہ اس گوشہ کے ساتھ ساتھ نمائش میدان میں موجود دیگر تجارتی مراکز کو بھی مساوی اہمیت دیتے ہوئے ان کے برقی کنکشنس کو کم از کم 12 بجے شب تک کھلے رکھیں، اور کاروبار کی اجازت فراہم کریں۔

TOPPOPULARRECENT