Monday , November 20 2017
Home / شہر کی خبریں / صنعتی نمائش کے تاجرین کو بینکوں سے کارڈ مشین فراہم کرنے کی تجویز

صنعتی نمائش کے تاجرین کو بینکوں سے کارڈ مشین فراہم کرنے کی تجویز

داخلہ ٹکٹ پر سرویس ٹیکس ، شرح ٹکٹ میں پانچ روپیوں کا اضافہ : آدتیہ مارگم

حیدرآباد۔25ڈسمبر (سیاست نیوز) نمائش کے لئے نقد رقم کے بغیر لین دین کوئی نئی بات نہیں ہے کیونکہ نمائش میں زیادہ فروخت کرنے والے تاجرین کے پاس کارڈ مشین ہوا کرتی ہیں لیکن اس مرتبہ جو حالات پیدا ہوئے ہیں انہیں دیکھتے ہوئے نمائش سوسائٹی کی جانب سے چھوٹے بیرونی تاجرین کو بھی بینکوں کے ذریعہ مشین فراہم کروانے کیلئے مدد کرنے کے متعلق منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ مسٹر آدتیہ مارگم سیکریٹری نمائش سوسائٹی نے بتایا کہ کرنسی تنسیخ کے بعد پیدا شدہ حالات کے پیش نظر نمائش کی جانب سے داخلہ ٹکٹ کاؤنٹر پر بھی کارڈ کے ذریعہ ادائیگی کا کاؤنٹر لگایا جائے گا۔جاریہ سال نمائش کا داخلہ ٹکٹ 25روپئے ہوگا کیونکہ حکومت نے داخلہ ٹکٹ پر سروس ٹیکس وصول کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس فیصلہ سے 3روپئے 26پیسے ادا کرنے پڑیں گے اسی لئے سوسائٹی نے مجموعی اعتبارسے 5روپئے کے اضافہ کا فیصلہ کیا ہے سال گذشتہ نمائش میں داخلہ کا ٹکٹ 20روپئے ہوا کرتا تھا۔سیکریٹری نمائش سوسائٹی نے بتایا کہ نمائش۔2017کے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور توقع ہے کہ یکم جنوری کو نمائش کے آغاز سے قبل تمام اسٹالس تیار کر لیئے جائیں گے۔ مسٹر آدتیہ مارگم نے بتایا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی حکومت ‘ پولیس اور حیدرآباد میٹرو ریل کے تعاون سے ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے اقدامات کرلئے گئے ہیں اور مکرم جاہی روڈ پر حیدرآباد میٹرو ریل کی جانب سے لگائی گئی بیشتر رکاوٹیں بھی ہٹا دی گئی ہیں۔ انہو ںنے بتایا کہ کل ہند صنعتی نمائش میں ملک کی مختلف ریاستوں سے آنے والے تاجرین کی جانب سے کارڈ مشین کے استعمال کی بات نئی نہیں ہے لیکن اب تک یہ مشین کا استعما ل صرف بڑے تاجرین کی حد تک محدود ہوا کرتا تھا لیکن اس مرتبہ ایسا محسوس کیا جا رہا ہے کہ چھوٹے تاجرین کو بھی ان مشینوں کی ضرورت محسوس ہوگی اس کے لئے نمائش انتظامیہ کی جانب سے بینک کے ذریعہ انہیں مشین کی فراہمی کے متعلق منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تاریخی کل ہند صنعتی نمائش کو بہتر انداز میں شروع کرتے ہوئے اختتام تک پہنچانا صرف ایک شخص یارکن کے اختیار کی بات نہیں ہے بلکہ یہ کوشش نمائش سوسائٹی کے ہر رکن کے نمائش کے انعقاد میں سرگرم ہونے پر ہی کامیاب ہو سکتی ہے۔جناب آدتیہ مارگم کے بموجب داخلہ ٹکٹ پر کارڈ مشین کے ذریعہ ٹکٹ کی خریدی میں وقت درکار ہو سکتا ہے لیکن اس کے باوجود نمائش سوسائٹی اس دوڑ میں پیچھے رہنا نہیں چاہتی بلکہ اس کے لئے کاؤنٹر نصب کیا جائے گا تاکہ جو لوگ نمائش کے ٹکٹ کارڈ کے ذریعہ خریدنا چاہتے ہیں انہیں کسی قسم کی دشواریوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔نمائش ۔2017کاہر سال کی طرح اس سال بھی آن لائن مشاہدہ کیا جاسکے گا ۔

TOPPOPULARRECENT