Monday , August 20 2018
Home / ہندوستان / صنفی تعصب و عدم تفاوت کے مکمل خاتمہ پر زور : صوفی ٹروڈیو

صنفی تعصب و عدم تفاوت کے مکمل خاتمہ پر زور : صوفی ٹروڈیو

ممبئی 20 فروری (سیاست ڈاٹ کام) کنیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈیو کی شریک حیات نے صنفی امتیاز و تفاوت کے خاتمہ پر زور دیتے ہوئے کہاکہ مرد اور عورت کے درمیان عدم مساوات کے سبب دنیا کو کئی مسائل سے دوچار ہونا پڑا ہے۔ صوفی گیریگوئیر ٹروڈیو نے جنوبی ممبئی کے صوفیہ ویمنس کالج میں لڑکیوں سے خطاب کے دوران کہاکہ دنیا سے صنفی مساوات کے خاتمہ کے لئے سماج کے تمام طبقات کو مشترکہ و متحدہ طور پر اُٹھ کھڑا ہونا چاہئے۔ اُنھوں نے واضح طور پر کہاکہ ’’غلط فہمیوں اور بدگمانیوں سے کئی مصائب و مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ یہ دراصل صنف نازک سے خوف، نفرت و بیزارگی پر مبنی خیال ہے کہ لڑکیاں دراصل لڑکوں سے کمتر ہوتی ہیں۔ خواتین اور لڑکیوں کی حقیقی قدر کا اعتراف کرنے کے قابل ہونا کسی مرد کی کمزوری نہیں بلکہ طاقت کی علامت ہے۔ ہر کسی مرد میں طاقتور، حوصلہ مند، بے خوف ہونے کی بھرپور صلاحیت موجود رہتی ہے اور ان (مردوں) میں صلہ رحمی و ہمدردی کی بھی مساویانہ صلاحیت و قوت ہوسکتی ہے‘‘۔ تاہم صوفی گریگوئیر نے ایک ہی سانس میں یہ وضاحت بھی کی کہ ’’صنفی عدم مساوات کو جڑ سے اُکھاڑ پھینکنے کے لئے لڑائی یا جدوجہد کا مطلب ایک صنف کو دوسری صنف کے مدمقابل لا کھڑا کرنا نہیں ہے بلکہ مرد تو ہمارے (خواتین کے) اصل حلیف اور ساجھیدار ہیں‘‘۔ ٹیلی ویژن پروگراموں کی سابق میزبان 42 سالہ صوفی گرئیگوائیر جو تین بچوں کی ماں ہیں اپنے شوہر جسٹن ٹروڈیو کے ساتھ آٹھ روزہ دورہ ہند پر دہلی اور گجرات کے بعد ممبئی پہونچی تھیں۔ انھوں نے 17 منٹ کے خطاب کے دوران ہندوستان کے تکثیری معاشرہ کی بھرپور ستائش کی اور کہاکہ کئی تہذیبوں کا گہوارہ یہ ملک اپنی باہمی رواداری اور صلہ رحمی کے لئے دنیا بھر کے لئے بدستور ایک عملی مثال برقرار رہے گا۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT