Friday , June 22 2018
Home / Top Stories / صہیب الیاسی کو بیوی کے قتل کیس میں عمر قید

صہیب الیاسی کو بیوی کے قتل کیس میں عمر قید

نئی دہلی ۔ 20 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کی ایک عدالت نے آج سابق ٹی وی اینکر اور پروڈیوسر صہیب الیاسی کو زائد از 17 سال قبل اپنی بیوی انجو (مابعد شادی افشاں) کو قتل کرنے کی پاداش میں یہ کہتے ہوئے عمرقید کی سزاء سنائی کہ اس نے قتل کا ارتکاب کیا اور اسے خودکشی کا رنگ دے دیا۔ عدالت نے یہ بات خارج از امکان بتائی کہ یہ کیس انوکھے ترین زمرہ کے دائرہ میں آتا ہے جو سزائے موت کا متقاضی ہوتا ہے۔ چنانچہ مجرم کو عمر قید کی سزاء پر انصاف کی تکمیل ہوجائے گی۔ الیاسی نے 1990ء کے دہے میں ٹی وی کرائم شو ’انڈیاز موسٹ وانٹیڈ‘ کی میزبانی کرتے ہوئے شہرت پائی تھی۔ ایڈیشنل سیشنس جج ایس کے ملہوترہ نے کہا کہ اس کیس میں یہ نتیجہ برآمد ہوا ہے کہ مجرم جو مقتولہ کا شوہر ہے، اس نے اپنی بیوی کا قتل کیا اور اسے خودکشی کا رنگ دے دیا۔ عدالت نے الیاسی پر دو لاکھ روپئے کا جرمانہ بھی عائد کیا۔ الیاسی کو اپنی بیوی کو چھرا گھونپ کر قتل کرنے کے جرم کا مجرم 16 ڈسمبر کو گردانا گیا تھا۔ عدالت نے یہ ہدایت بھی دی کہ افشاں کے والدین کو بطور معاوضہ 10 لاکھ روپئے کی ادائیگی مجرم صہیب الیاسی کے ذمہ رہیگی۔ عدالتی حکمنامہ کا اعلان ہونے کے فوری بعد 51 سالہ الیاسی جسے تہاڑ جیل سے لایا گیا، اس نے چلا کر کہا کہ وہ بے قصور ہے اور عمرقید کی سزاء ’’ناانصافی‘‘ ہے۔ الیاسی کا بھائی بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔ افشاں کی ماں رکما سنگھ نے عدالت کے حکمنامہ پر اطمینان کا اظہار کیا۔ قبل ازیں الیاسی کو آئی پی سی کے کمتر سزاء والے دفعات بشمول 304B (جہیز کے کیس میں موت) کے ساتھ ماخوذ کیا گیا تھا۔ تاہم افشاں کی ماں اور بہن رشمی سنگھ کی جدوجہد پر دہلی ہائیکورٹ نے اگست 2014ء میں رولنگ دی کہ الیاسی کیخلاف سیکشن 302 کے تحت مقدمہ چلایا جائے۔ افشاں کو 11 جنوری 2000 ء کو چھرے کے زخموں کیساتھ دواخانہ سے رجوع کیا گیا تھا ۔ بتایا گیا وہ مشرقی دہلی میں اپنی قیامگاہ پر زخمی ہوئی۔ الیاسی کو 28 مارچ 2000ء کو گرفتار کیا گیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT