Tuesday , December 19 2017
Home / اضلاع کی خبریں / ضبط شدہ گاڑیوں کے ہراج میں لاپرواہی

ضبط شدہ گاڑیوں کے ہراج میں لاپرواہی

یلاریڈی ۔5ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) یلاریڈی مستقر پر غیرقانونی طور پر محکمہ صحرا کی جائیداد منتقل کرتے ہوئے ضبط کئے گئے مختلف گاڑیوں کے تعلق سے محکمہ صحرا عملہ عدم دلچسپی کا رویہ اختیار کئے ہوئے ہے جس سے لاکھوں روپئے کی ملکیت ضائع ہونے کو ہے ۔ مختلف جرائم میں ہاتھ آئے گاڑیوں کو اس کے مالکان جرمانہ ادا کر کے لے جاتے ہیں مگر غیرقانونی طور پر لکڑی منتقل کرتے ہوئے پکڑے گئے گاڑیوں کے معاملہ میں عہدیداروں کی جانب سے ضبط کی گئی لکڑی پر کئی گنا زائد قیمت جرمانہ عائد کرتے ہیں جس سے عائد کیا گیا جرمانہ سے کم گاڑی کی قیمت ہونے پر مالکان اسے چھڑانا ضروری نہیں سمجھتے ۔ اس طرح گاڑیوں کو سال میں دو مرتبہ ہراج کردینا ہوتاہے لیکن محکمہ صحرا عملہ ہراج سے متعلق عدم دلچسپی کا مظاہرہ کرنے سے قیمتی گاڑیاں مکمل خستہ حال ہوکر ناکارہ ہورہے ہیں ۔ یلاریڈی رینج حدود میںتقریباً  دس لاکھ روپئے کی قیمت والے چھ آٹو ‘ ایک لاری اور دوسرے اوزار خستہ حال ہوچکے ہیں ۔ اگر اب بھی اسے ہراج کردیا گیا تو پرانے سامان کی حیثیت سے لیا جائے گا ۔ اگر یہی محکمہ صحرا وقت پر ان گاڑیوں کو ہراج کرے تو محکمہ کو لاکھوں روپئے کا نفع ہوگا ۔ کئی گاڑیوں میں سے تو کارآمد چیزیں غائب نظر آتی ہیں جس میں مقامی عملہ کا ہاتھ ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ محکمہ کے ذمہ داران اگر وقت پر بیداری کا ثبوت دیں تو محکمہ کو لاکھوں روپئے کا منافع ہوگا اور لاکھوں روپیوں کی ملکیت ضائع ہونے سے بچ جائے گی ‘ ضرورت ہے تو صرف دلچسپی کی ۔

TOPPOPULARRECENT