Thursday , January 18 2018
Home / جرائم و حادثات / ضعیف شخص کے قتل کے ملزمین خاتون اور ڈرائیور گرفتار

ضعیف شخص کے قتل کے ملزمین خاتون اور ڈرائیور گرفتار

سی سی کیمروں سے سراغ دستیاب ، اڈیشنل ڈی سی پی کرائمس شریمتی جانکی شرمیلا کی پریس کانفرنس

سی سی کیمروں سے سراغ دستیاب ، اڈیشنل ڈی سی پی کرائمس شریمتی جانکی شرمیلا کی پریس کانفرنس

حیدرآباد ۔ /21 مارچ (سیاست نیوز) سائبر آباد کی ملکاجگری سنٹرل کرائم اسٹیشن پولیس نے 90 سالہ ضعیف شخص کے سنسنی خیز قتل اور سرقہ کی واردات میں ملوث خاتون ایونٹ منیجر اور اس کے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے مسروقہ مال برآمد کیا ۔ اس سلسلے میں تفصیلات بتاتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس کرائمس شریمتی جانکی شرمیلا نے بتایا کہ /17 فبروری کو کے وی لکشمی نرسمہا راؤ ساکن ساکٹ کاپرا کا نامعلوم افراد نے گلا گھونٹ کر قتل کردیا تھا اور وہاں پر موجود قیمتی اشیاء کا سرقہ کرلیا تھا ۔ کشائی گوڑہ پولیس نے اس سلسلے میں قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور ملکاجگری سی سی ایس کے عملہ نے مقتول کے مکان کے قریب نصب کئے گئے سی سی ٹی وی کیمرے کی مدد سے ایک سراغ حاصل کیا جس میں یہ بتایا گیا کہ اودے کلر کی سینٹرو کار مسلسل مقتول نرسمہا راؤ کے مکان کے قریب چکر لگاتے ہوئے دکھائی گئی اور ایک مشتبہ شخص بھی مسلسل فون پر بات کرتے ہوئے دیکھا گیا ۔ سی سی ٹی وی کی ریکارڈنگ کی مدد سے پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا اور قاتلوں کی تلاش کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ۔ سی سی ایس پولیس کی ٹیم ای سی ایل چوراہے کے قریب ایک مشتبہ سینٹرو کار کو روکا جس میں ڈرائیور کے علاوہ ایک خاتون بھی موجود تھی ۔

پولیس عملہ کو دیکھ کر سینٹرو کار ڈرائیور وہاں سے فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا کہ اسے فوری حراست میں لے لیا گیا ۔ حراست میں لئے گئے ڈرائیور نے تفتیش کے دوران خود کی شناخت ایم دامودھر کی حیثیت سے کی اور اس کے ہمراہ موجود خاتون کی شناخت ڈی رادھیکا جو پیشہ سے ایوینٹ منیجر ہے کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ کار ڈرائیور دامودھر نے یہ انکشاف کیا کہ رادھیکا کو ایوینٹ منیجمنٹ بھاری نقصان ہوا جس میں وہ معاشی پریشانیوں کا شکار ہوگئی ۔ دامودھر نے رادھیکا کو اس کے رشتہ داروں کے مکان میں سرقہ کے ذریعہ آسانی سے روپئے حاصل کرنے کا مشورہ دیا ۔ اس سلسلے میں رادھیکا اور دامودھر نے مشیرآباد اور ایس آر نگر علاقہ میں واقع اپنے رشتہ داروں کے مکان سے طلائی زیورات و نقد رقم کا سرقہ کیا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ /17 فبروری کو رادھیکا نے اپنے قریبی رشتہ دار نرسمہا راؤ کو فون کیا اور ضعیف شخص مکان میں تنہا ہونے کی اطلاع پر ڈرائیور کے ہمراہ وہاں پہونچ گئی ۔ نرسمہا راؤ اپنے مکان میں محو خواب تھا کہ رادھیکا اور ڈرائیور دامودھر دونوں مکان میں داخل ہوئے اور خاتون نے مکان میں موجود طلائی زیورات کا سرقہ انجام دیا تھا کہ نرسمہا راؤ اچانک نیند سے بیدار ہوگیا اور رادھیکا کو سرقہ کرتے ہوئے دیکھ لیا ۔ ڈرائیور دامودھر نے ضعیف شخص کا تولیہ سے گلا گھونٹ کر قتل کردیا اور مسروقہ مال کے ہمراہ وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ شریمتی جانکی شرمیلا نے بتایا کہ نرسمہا راؤ کے مکان سے سرقہ کئے گئے ایل ای ڈی سیمسینگ ٹی وی ‘ لیپ ٹاپ ‘ آئی پیاڈ ‘ سونے اور چاندی کے طلائی زیورات بھی برآمد کرلئے ۔ انہوں نے بتایا کہ مسروقہ طلائی زیورات بشیر باغ میں واقع سورج بھان جیویلرس کے پرکاش اگروال اور نیرج کمار اگروال کے قبضے سے ضبط کئے گئے ۔ مسروقہ مال کی مالیت 25 لاکھ بتائی جاتی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT