Friday , November 24 2017
Home / شہر کی خبریں / ضلعی بلدیات، کارپوریشن اور نگر پنچایتوں کے کنٹراکٹ ورکرس کے مسائل کو حل کرنے کا مطالبہ: ٹی ایم یو اینڈ ای یو

ضلعی بلدیات، کارپوریشن اور نگر پنچایتوں کے کنٹراکٹ ورکرس کے مسائل کو حل کرنے کا مطالبہ: ٹی ایم یو اینڈ ای یو

حیدرآباد 22 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ میونسپل ورکرس اینڈ ایمپلائز یونین نے اضلاع کی بلدیات، بلدی کارپوریشن، نگر پنچایتوں میں خدمات انجام دینے والے کنٹراکٹ ورکرس کی اُجرتوں میں اضافہ و دیگر مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کا حکومت سے مطالبہ کیا بصورت دیگر 30 اور 31 مئی کو ریاستی سطح پر تمام بلدی کارپوریشنس، بلدی دفاتر اور نگر پنچایتوں کے روبرو زنجیری بھوک ہڑتال پروگرام منظم کرنے کا سخت انتباہ دیا اور کہاکہ یکم جون کو تمام دفاتر کا گھیراؤ کیا جائے گا۔ مسٹر قمر علی صدر اور پی بھاسکر ریاستی سکریٹری تلنگانہ میونسپل ورکرس اینڈ ایمپلائز یونین نے یہ بات بتائی اور کہاکہ گزشتہ دن یونین کے اجلاس میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا۔ مسٹر قمر علی نے اس اجلاس کی صدارت کی تھی۔ ان قائدین نے میونسپل ورکرس کے دیرینہ حل طلب مسائل کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے، مستقل بلدی ملازمین کو فوری ہیلت کارڈز کی اجرائی عمل میں لانے، تمام میونسپل ورکرس کے لئے جی پی ایف اکاؤنٹس شروع کرنے، مکانات و اراضی امکنہ فراہم کرنے کا پرزور مطالبہ کیا گیا۔ ان قائدین نے حکومت تلنگانہ کے بلدی ملازمین کے ساتھ اختیار کردہ معاندانہ رویہ کی سخت مذمت کیا اور کہاکہ بلدی ورکرس کے ساتھ سوتیلا سلوک کررہی ہے جبکہ اسی حکومت نے بلدی کارپوریشنس، بلدیات اور نگر پنچایتوں میں خدمات انجام دینے والے کنٹراکٹ و آؤٹ سورسنگ ورکرس کے ماسواء دیگر تمام کنٹراکٹ و آؤٹ سورسنگ ورکرس کی اُجرتوں میں اضافہ کرچکی ہے۔ ان قائدین نے حکومت بالخصوص وزیر بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راما راؤ سے بلدی کارپوریشنس، بلدی کونسلس و نگر پنچایتوں کے کنٹراکٹ ملازمین کے مطالبات کی عاجلانہ یکسوئی پر توجہ دینے کا مطالبہ کیا۔

TOPPOPULARRECENT