Friday , May 25 2018
Home / شہر کی خبریں / ضلعی کلکٹرس کو روزانہ کی بنیاد پر وقف اراضیات سے واقف کروانے کی ہدایت

ضلعی کلکٹرس کو روزانہ کی بنیاد پر وقف اراضیات سے واقف کروانے کی ہدایت

چیف منسٹر کے دفتر میں تفصیلات اکٹھا کی جائیں گی، آئی اے ایس و آئی پی ایس عہدیداروں پرمشتمل کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز
حیدرآباد۔/11نومبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تمام ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر اپنے متعلقہ ضلع میں وقف اراضیات کی نشاندہی سے انھیں واقف کرائیں۔ وقف بورڈ میں جاری تعطل اور اراضیات کو خطرے کے پس منظر میں چیف منسٹر نے تمام ضلع کلکٹرس کو پابند کیا ہے کہ روزانہ جن علاقوں کا سروے مکمل ہو اُن میں موجود وقف اراضی کی تفصیلات اُن کے دفتر کو سہ پہر 3 بجے تک روانہ کردی جائیں۔ منڈل ریونیو آفیسرس اور ریونیو ڈیویژنل آفیسرس کو بھی اسی طرح کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر اوقافی اراضیات کی تفصیلات روانہ کرنے کا کام متعلقہ کلکٹر کی نگرانی میں انجام دیا جائے گا اور چیف منسٹر کے دفتر میں یہ تفصیلات اکٹھا کی جائیں گی۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیداروں پر مشتمل کمیٹی کی تشکیل کے خواہاں ہیں تاکہ وقف بورڈ کے مکمل ریکارڈ کی جانچ کی جاسکے۔ اس کے علاوہ چند روز قبل وقف بورڈ کے دفتر کو جس طرح مُہر بندکیا گیا اس کے مستقبل کے بارے میں تجاویز پیش کرنے کیلئے علحدہ کمیٹی تشکیل دی جاسکتی ہے۔اسی دوران وقف بورڈ کی جانب سے چیف منسٹر کو 570 منڈلوں پر مشتمل ریکارڈ حوالے کیا گیا جس میں اراضیات کی تفصیل موجود ہے۔ چیف منسٹر کو بتایا گیا کہ 570 کے منجملہ 540 منڈلوں کا ریکارڈ متعلقہ ایم آر اوز کو روانہ کردیا گیا ہے۔ وقف بورڈ نے 77ہزار ایکر اراضی کا دعویٰ کیا ہے لیکن وہ تحویل میں موجود اراضی اور قبضوں کی تفصیلات سے ناواقف ہے۔

 

TOPPOPULARRECENT