Tuesday , June 19 2018
Home / شہر کی خبریں / ضلع و منڈل پریشد کیلئے آج رائے دہی

ضلع و منڈل پریشد کیلئے آج رائے دہی

تمام تیاریاں مکمل : حساس مقامات کی بھی نشاندہی

تمام تیاریاں مکمل : حساس مقامات کی بھی نشاندہی

حیدرآباد ۔ 5 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : ریاست میں 557 زیڈ پی ٹی سیز اور 8250 ایم پی ٹی سیز کیلئے کل 6 اپریل کو صبح 7 بجے سے رائے دہی کا آغاز ہوگا ۔ جو شام 5 بجے تک جاری رہے گی ۔ رائے دہی کیلئے بڑے پیمانے پر انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں ۔ آج یہاں بدھا بھون میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر پی رماکانت ریڈی ریاستی الیکشن کمشنر نے یہ بات بتائی اور کہا کہ زیڈ پی ٹی سیز اور ایم پی ٹی سیز انتخابات بیالٹ پیپر کے ذریعہ منعقد کئے جارہے ہیں اور رائے دہی کے لیے جملہ 26742 پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں اور رائے دہی کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے نہ صرف سخت صیانتی انتظامات کئے گئے ہیں بلکہ مراکز رائے دہی کے حدود میں دفعہ 144 کا سختی کے ساتھ نفاذ عمل میں لایا گیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ زیڈ پی ٹی سیز اور ایم پی ٹی سیز انتخابات کو پیش نظر رکھتے ہوئے 10 اور 11 اپریل کو منعقد ہونے والے امتحانات ایس ایس سی کے پرچوں کو ملتوی کروایا گیا ہے ۔ رائے دہندوں کو اپنے حق رائے دہی کا آزادانہ استعمال کرنے کے لیے تمام تر احتیاطی و صیانتی انتظامات کئے گئے ہیں اور مسائل کن و حساس مراکز رائے دہی پر پولیس پکٹس تعینات کئے گئے ہیں ۔
مسٹر رماکانت ریڈی نے مزید کہا کہ زیڈ پی ٹی سیز اور ایم پی ٹی سیز پولنگ کے لیے جملہ 1.50 لاکھ بیالٹ باکسیس درکار تھے ۔ لیکن اتنی بڑی تعداد میں بیالٹ باکسس دستیاب نہ رہنے کی وجہ سے اس ضرورت کو پورا کرنے کے مقصد سے اڑیشہ ، مہاراشٹرا ریاستوں سے ضرورت کے مطابق بیالٹ باکسیس حاصل کئے گئے ہیں ۔ کمشنر الیکشن کمیشن نے کہا کہ ریاست میں پہلے مرحلہ کے تحت منعقد ہونے والے علاقوں میں جملہ 6379 متاثرہ و حساس مقامات کی نشاندہی کرکے ان مقامات پر سخت پولیس بندوبست کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ تقریبا 228 مراکز رائے دہی بہت ہی زیادہ متاثر کن و انتہا پسندانہ سرگرمیوں سے متاثر رہنے کی وجہ سے رائے دہی کے اوقات میں ایک گھنٹہ کی کمی کرتے ہوئے ان مراکز رائے دہی پر پولنگ صبح 7 تا 4 بجے شام کے اوقات رکھے گئے ہیں بالخصوص ضلع کریم نگر کے منتھنی ریونیو ڈیویژن میں رائے دہی صبح 7 بجے تا 4 بجے تک ہی رکھی گئی ہے ۔ مسٹر رماکانت ریڈی نے بتایا کہ زیڈ پی ٹی سی بیالٹ پیپر سفید رنگ اور ایم پی ٹی سی کے لیے بیالٹ پیپر گلابی رنگ کا ہوگا ۔ انہوں نے اخباری نمائندوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ان زیڈ پی ٹی سیز اور ایم پی ٹی سیز انتخابات کے انعقاد پر جملہ 140 کروڑ روپیوں کے مصارف عائد ہوں گے ۔ ان انتخابات میں جملہ 4.13 کروڑ رائے دہندے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کریں گے ۔ کمشنر ریاستی الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ انتخابی بے قاعدگیوں میں ملوث پائے جانے والے بعض عہدیداروں کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی ۔ ان انتخابات کیلئے جملہ 95 ہزار مقامی پولیس ملازمین کے ساتھ ساتھ 13 اے پی ایس پی پلاٹونس ، 20 سی آر پی ایف کمپنیوں کی خدمات سے استفادہ کیا جارہا ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT