Friday , June 22 2018
Home / عرب دنیا / طالبان نے سو کے منجملہ 93 یرغمالی رہا کردیئے

طالبان نے سو کے منجملہ 93 یرغمالی رہا کردیئے

پشاور، 14 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے قبائلی خطہ خیبر ایجنسی کے سیاسی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ممنوعہ تحریک طالبان نے باڑہ سب ڈیویژن کے علاقہ تیراہ سے برقمبر خیل قبیلے کے ایک سو افراد کو اغوا کیا تھا۔ تاہم 93 مغویہ افراد کو رہا کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کے ایک عہدہ دار نے برطانوی نشریاتی ادارہ کو بتایا کہ یہ واقعہ ہفتہ کو باڑہ سب ڈیویژن کے علاقہ تیراہ میں حیدر کنڈو کے مقام پر پیش آیا۔ انتظامیہ کے مطابق جس علاقے میں یہ واقعہ پیش آیا ، وہاں پاکستانی سکیورٹی فورسز کی عملداری نہیں ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ہفتہ کو طالبان نے 100 افراد کو اغوا کیا تھا۔ تاہم بعد میں ان میں سے 93 افراد کو رہا کردیا۔ انتظامیہ کے بقول اب سات افراد طالبان کی قید میں ہیں۔ خیبر ایجنسی کے انتظامیہ کے عہدہ دار نے مزید بتایا کہ اتوار کو تیراہ کے نائب تحصیلدار فوج کی 207 بریگیڈ کے افسران کے ہمراہ قمبر خیل قبیلے کے رہنماؤں سے ملنے علاقے کو روانہ ہوئے۔ عہدہ دار موصوف کے مطابق دوپہر کے وقت پیش آئے واقعے کی اطلاع رات 9 بجے کے قریب پہنچی کیونکہ مواصلاتی رابطے نہ ہونے کی وجہ سے اطلاعات کی رسائی میں مشکلات اور سست روی پیش آتی ہے۔ تاہم گزشتہ ایک سال کے دوران اتنے بڑے پیمانے پر اغوا کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT