Monday , June 25 2018
Home / اضلاع کی خبریں / طلاق ثلاثہ بل مذہبی حقوق کے یکسر خلاف

طلاق ثلاثہ بل مذہبی حقوق کے یکسر خلاف

نظام آباد میں مولانا عبدالقیوم شاکر القاسمی کی پریس کانفرنس
نظام آباد :4؍ جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )طلاق ثلاثہ مخالف بل ہندوستان کے آئین اور بنیادی مذہبی حقوق کے یکسر خلاف ہے۔مسلمان کل بھی اپنی شریعت سے مطمئن تھا ہے اور تاقیامت مطمئن رہے گا مسلمانوں کو اپنی جان سے بھی زیادہ شریعت اسلامیہ عزیز اور پیاری ہے۔ان خیالات کا اظہار مولانا عبدالقیوم شاکر القاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ ضلع نظام آبادنے دفتر جمعیۃ علماء پر ایک پریس کانفرنس سے حالیہ طلاق ثلاثہ بل پر اپنا اور جمعیۃ علماء کا موقف واضح کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہاکہ اس طرح نا عاقبت اندیش حکمرانوں کی جانب سے لوک سبھا میں پاس ہونے والے اس بل سے عالم اسلام کے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔جبکہ بھارت کے دستور کی دفعہ25جس میں مذہبی آزادی کا پورا پورا حق حاصل ہے کی یہ سراسر خلاف ورزی ہے جمعیۃ علماء اس فیصلے کو فوری واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کرتی ہے ۔اس موقع پرمولانا سید ولی اللہ قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع نظام آباد نے کہا کہ اپنے سیاسی مفادات کو حاصل کرنے کی غرض سے مسلم خواتین اور ان کے حقوق کے تحفظ کا ڈھونگ رچایا جارہا ہے باقی اگر واقعی مسلم عورتوں سے حکومت وقت کو ہمدردی ہوتی تودنیا میں تعلیمی معاشی اور دیگر پسماندگیوں کی جانب توجہ مرکوز کیوں نہیں ہوتی جس سے صاف ظاہر ہے کہ اس بل کے ذریعہ محض مسلم پرسنل لاء اور ہمارے دیگر اسلامی اصولوں میں رخنہ ڈالنے کی ناپاک سازش اور مذموم کوشش ہے جسے ہم مسلمان کسی بھی صورت میں کامیاب ہونے نہیں دیں گے ساتھ ہی ساتھ جمعیۃ علماء اور اس کے تمام ہی اراکین امت مسلمہ سے بطور خاص اپیل کرتے ہیں کہ اپنے عائلی اور معاشرتی مسائل کو مقامی علماء کرام اور شرعی پنچایت سے مل کر حل کریں اسی میں ہماری اور ہمارے دیگر اسلامی شعائر کا تحفظ اور بقاء مضمر ہے ۔ اس پریس کانفرنس میں مولاناسید سمیع اللہ قاسمی نائب صدر جمعیۃ علماء، مفتی محمود قاسمی، مولاناارشد قاسمی، حافظ محمد احمد عامر کے علاوہ دیگر موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT