Wednesday , November 22 2017
Home / اضلاع کی خبریں / طلباء کو کاہلی اور مایوسی سے دور رہنے کا مشورہ

طلباء کو کاہلی اور مایوسی سے دور رہنے کا مشورہ

مریال گوڑہ میں منعقدہ تربیتی پروگرام سے ویریندر ناتھ کا خطاب
مریال گوڑہ ۔ 22 ۔ ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )  طلباء کسی بھی ملک اور قوم کا عظیم سرمایہ ہوتے ہیں اور یہ ملک کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ملک کی ترقی کا سارا دارومدار ان کی صلاحیتوں سے جڑا ہوا ہوتا ہے ۔ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ دنیا میں جن قوموں نے زندگی کے ہر شعبے میں اپنی عظمتوں کے جو جھنڈے بلند کئے ہیں وہ علم ہی کی بدولت تھا ان خیالات کا اظہار ماہر تعلیم وی ویریندرا ناتھ نے مینا کالج آف انجینئرنگ میں منعقدہ فوبیا تربیتی امتحان پروگرام میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے حصہ لیتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں دنیا کے قوموں کی عروج و زوال پر تفصیلی روشنی ڈالی اور کہا کہ وہ قومیں جو جاہل ، کاہل اور حالات حاضرہ سے بے خبر تھیں وہ مغلوب ہو کر پستی کے اندھیروں میں اس دنیا سے گذر گئیں اور اس طرح مٹ گئیں کہ اب ان کی تہذیب تاریخ کا ایک حصہ بن کر رہ گئی اور دنیا میں ان کا کوئی وجود نہیں رہا اس کے برعکس جو قومیں بیدار ، باشعور ، حالات پر گہری نظر رکھتی تھیں دنیا ہمیشہ ان کی مٹھی میں رہی اور وہ ہمیشہ غالب رہیں اور دنیا میں انہوں نے جو کارنامے انجام دیئے اس سے وہ زندہ جاوید ہوگئیں اور آج دنیا ان کو سلام کرتی ہے اور یہ سب علم کی بدولت ہوپایا ۔ انہوں نے طلباء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ ہمیشہ غالب اور فاتح قوم اور ان  کے کارناموں کو ہی یاد رکھتی ہے جبکہ مغلوب قوم کے حصہ میں صرف رسوائی آئی ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر اساتذہ کو مشورہ دیا کہ وہ طلباء کے اندر موجود پوشیدہ صلاحیتوں کو جاگر کرنے میں ان کی مدد کریں ۔ انہوں نے طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ کبھی بھی کاہلی ، سستی اور مایوسی کو اپنے قریب آنے نہ دیں ۔ اور حصول تعلیم میں ناسازگار حالات اور مفلسی پر ہرگز مایوس نہ ہوں ۔ انہوں نے طلباء کو یاد دلایا کہ دنیا کی تاریخ میں جتنی بھی ہستیوں نے عظیم کارنامے انجام دیئے ہیں ان کی اکثریت انہی حالات سے گذر چکی ہے ۔ مگر انہوں نے کبھی مایوسی کو اپنے قریب آنے نہیں دیا اور حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی منزل مقصود پر زینہ بہ زینہ پہنچے ۔ انہوں نے طلباء کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ تعلیم کو اپنا اوڑھنا اور بچھونا بنالیں اور اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے تعلیمی میدان میں اعلی سے اعلی مقام حاصل کریں ۔ اس موقع پر انہوں نے طلباء کوبتایا کہ امتحان کی تیاری کیسے کریں ۔ اس موقع پر چیرمین مینا کالج محمد محمود علی صدرنشین بلدیہ ناگا لکشمی بھارگو ، پرائیویٹ اسکولس اسوسی ایشن صدر رویندر ریڈی ضلع نائب اور اسکولس ناگاراجو کے علاوہ اطراف و اکناف کے اسکولس کرسپانڈنٹ ہیڈماسٹرس ٹیچرس ، اراکین بلدیہ ، رمیش ، قادر ، مخدوم نے شرکت کی ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT