Tuesday , December 11 2018

طلبہ میں مضمون ریاضی سے متعلق دلچسپی پیدا کرنے پر زور

جی جی پی ایس کمیلہ قدیم میں ڈپٹی ای او چارمینار کا خطاب

جی جی پی ایس کمیلہ قدیم میں ڈپٹی ای او چارمینار کا خطاب
حیدرآباد۔ 26۔ دسمبر (پریس نوٹ) چارمینار منڈل II کے سرکاری پرائمری مدارس کے طلباء و طالبات کے لئے ٹی ایل ایم (ٹیچنگ لرننگ میٹریل) میلہ کا گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول کمیلہ قدیم میں انعقاد عمل میں آیا۔ ہندوستان کے ممتاز ریاضی داں سرینواس رامانجن کے یوم پیدائش کی مناسبت سے منعقدہ اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ایجوکیشنل آفیسر چارمینار زون پی سشیندر راؤ نے طلباء و طالبات کو مشورہ دیا کہ وہ مضمون ریاضی میں مکمل مہارت حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ساری دنیا علم ریاضی پر محیط ہے اور زندگی کے ہر مسئلہ کا حل ریاضی سے جڑا ہواہے۔ ڈپٹی انسپکٹر آف اسکولس چارمینار II آئی نہرو بابو نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ طلباء میں مضمون ریاضی میں دلچسپی پیدا کرنے کے لئے ہر ممکن اقدام کریں۔ انہوں نے کہا کہ مضمون ریاضی میں طلباء کی دلچسپی میں اضافہ کے لئے اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ طلباء میں اس مضمون سے رغبت پیدا کرنے کے لئے تعلیمی اشیاء کا بھی استعمال کریں۔ صدر مدرس گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول املی بن یاقوت پورہ جناب محمد حسام الدین نے حال ہی میں پشاور (پاکستان) میں اسکولی طلبہ پر دہشت گردانہ حملہ کی مذمت کی اور کہا کہ دنیا بھر میں جہاں کہیں انسانیت پر حملہ ہوتا ہے وہ قابل مذمت ہے اور بالخصوص معصوم طلباء جن کا صرف تعلیم حاصل کرنے کا مقصد ہوتا ہے ان کو بھی دہشت گردی کا نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت ہے۔ ان طلباء کی قیمتی جانیں ضائع ہوجانے پر دو منٹ کی خاموشی بھی منائی گئی۔ اس موقع پر صدر معلمہ گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول کمیلہ قدیم محترمہ خالدہ بیگم‘ کامپلکس ہیڈ ماسٹر سریش کمار اور دوسرے موجود تھے۔ محترمہ کہکشاں ناز کے علاوہ سی آر پیز عقیل احمد‘ آئی سریتا‘ ناگیندر نایک‘ ایم رادھا‘ محمد عبداللہ‘ ڈی چیتنیہ اور دوسروں نے میلہ کے انتظامات میں حصہ لیا۔ ٹی ایل ایم میلہ میں بہتر مظاہرہ کرنے والے مدارس کے طلباء و طالبات کو انعامات دیئے گئے۔ چارمینار منڈل II کے صدور مدارس‘ اساتذہ و معلمات کے علاوہ طلباء و طالبات کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ ڈپٹی ای او چارمینار زون پی سشیندر راؤ نے ٹی ایل ایم میلہ کے انعقاد اور طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کے علاوہ اس ضمن میں اساتذہ و معلمات کی رہبری و رہنمائی کی ستائش کی۔

TOPPOPULARRECENT