Sunday , June 24 2018
Home / شہر کی خبریں / طلبہ کو حصول بلند مقام کے لیے سخت محنت کرنے کا مشورہ

طلبہ کو حصول بلند مقام کے لیے سخت محنت کرنے کا مشورہ

سلطان العلوم پبلک اسکول حسینی علم کے سالانہ جلسہ سے محمد جعفر ، ولی اللہ کا خطاب

سلطان العلوم پبلک اسکول حسینی علم کے سالانہ جلسہ سے محمد جعفر ، ولی اللہ کا خطاب

حیدرآباد ۔ 6 ۔ مارچ : ( پریس نوٹ ) : سلطان العلوم پبلک اسکول حسینی علم تارہ میدان میں سالانہ جلسہ 4 مارچ کو بصدارت جناب محمد جعفر افتخاری چیرمین سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی منعقد ہوا ۔ مہمان خصوصی میں جناب ولی اللہ وائس چیرمین اور ڈاکٹر میر اکبر علی خاں ٹریژر سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی نے شرکت کی ۔ اس موقع پر تمام برانچس سلطان العلوم پبلک اسکولس کے پرنسپل موجود تھے ۔ جلسہ کا آغاز قرات کلام پاک سے کیا گیا ۔ بہترین تعلیمی صلاحیت رکھنے والے طلباء وطالبات اور اساتذہ کو انعامات اور توصیفی صداقت نامے دئیے گئے ۔ جناب جہانگیر پرنسپل سلطان العلوم پبلک اسکول حسینی علم نے کثیر تعداد میں آئے اولیائے طلباء اور مہمانان خصوصی کا استقبال کیا اور افتتاحی تقریر میں کہا کہ طلباء وطالبات سخت محنت کے ذریعے شاہ فیصل کی طرح آئی اے ایس بن سکتے ہیں اور اسکول کی سالانہ رپورٹ پیش کی ۔

جناب محمد جعفر نے صدارتی تقریر میں کہا کہ 9 سال قبل یہاں کوئی معیاری اسکول نہیں تھا جو مسلمانوں اور تمام مذاہب کے طلباء و طالبات کی تعلیمی پسماندگی کو دور کرسکے اس لیے سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی کی کوششوں سے یہ اسکول ثمر آور درخت کی طرح تعلیمی میدان میں نظر آرہا ہے جہاں سے طلباء وطالبات انجینئرنگ اور میڈیسن میں داخلہ حاصل کررہے ہیں ۔ تمام سلطان العلوم پبلک اسکولس کو عصری کمپیوٹرس ، سائنس لیاب ، لائبریری ، گیمس و اسپورٹس تمام بنیادی سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے تاکہ طلباء وطالبات کی مکمل ذہن سازی کی جاسکے ۔ سابق کی طرح ایس ایس سی میں 75 فیصد نشانات حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو رقمی انعامات دینے کا اعلان کیا ۔ جناب ولی اللہ فاونڈر ممبر سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی نے اپنی تقریر میں اولیاء طلباء کو مبارکباد دی اور کہا کہ بچوں کی صحت تعلیمی نگہداشت پر خصوصی توجہ دیں اور اساتذہ کو مشورہ دیا کہ وہ بچوں کو سخت سزائیں نہ دیں ۔ ڈاکٹر میر اکبر علی خاں نے تمام بچوں کو بلندیوں تک پہنچنے کے لیے محنت اور مصمم ارادوں کے ساتھ آگے بڑھنے کا مشورہ دیا ۔۔

TOPPOPULARRECENT