Tuesday , September 18 2018
Home / ہندوستان / طلبہ کو پرچوں کے فرضی افشاء کیخلاف انتباہ

طلبہ کو پرچوں کے فرضی افشاء کیخلاف انتباہ

مافیا عناصر پھر سرگرم ہوگئے۔ ایچ آر ڈی منسٹری کا بیان
نئی دہلی6 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزارت فروغ انسانی وسائل نے اسٹوڈنٹس اور والدین و اولیائے طلبہ کو پرچہ سوالات کے افشاء کی فرضی باتیں اُڑانے والے مافیا عناصر کے خلاف متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دانستہ طور پر طلبہ برادری کو پریشان کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور اس طرح کا واقعہ پولیٹیکل سائنس کے پرچہ کے موقع پر دیکھنے میں آیا جس کے لئے سوشل میڈیا کو استعمال کیا گیا۔ سنٹرل بورڈ آف سکینڈری ایجوکیشن کے بارہویں جماعت کے پرچہ پولیٹیکل سائنس کا امتحان آج منعقد شدنی تھا۔ ایچ آر ڈی کے اسکول ایجوکیشن سکریٹری انیل سوروپ نے کہاکہ پرچوں کے افشاء کے معاملہ میں مافیا عناصر پھر سرگرم ہوگئے ہیں۔ اسٹوڈنٹس اور والدین کو اُن کے جال میں نہ پھنسنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ اِس طرح کی کوششیں ماضی میں بھی ہوئیں تاکہ سی بی ایس ای امتحانات کے پرسکون انعقاد کو متاثر کیا جاسکے۔ منسٹری نے بورڈ امتحانات کے انعقاد کے عمل کا جائزہ لینے کے لئے اعلیٰ اختیاری کمیٹی تشکیل دی ہے۔ وزارت نے گزشتہ ہفتے سی بی ایس ای بارہویں جماعت کے پرچہ معاشیات کے 25 اپریل کو مکرر امتحان کا اعلان کیا تھا۔ اس میں یہ بھی کہا تھا کہ دسویں جماعت کا پرچہ ریاضی بشرط ضرورت دوبارہ منعقد کیا جائے گا۔ تاہم بعد میں اِس کے خلاف فیصلہ ہوگیا۔

TOPPOPULARRECENT