Sunday , November 19 2017
Home / انتقال نام / طنز و مزاح نگار جناب محمد حمایت اللہ کا انتقال

طنز و مزاح نگار جناب محمد حمایت اللہ کا انتقال

حیدرآباد۔26مئی (سیاست نیوز) مزاح ‘ ہدایت کاری‘ فنکاری ‘ دکنی زبان کی چاشنی بکھیرتے ہوئے لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنے والی عظیم شخصیت جناب محمد حمایت اللہ ولد جناب غلام مرتضی مرحوم کا آج بعمر 85 انتقال ہوگیا ۔مرحوم گذشتہ تین برس سے علیل تھے۔جناب محمد حمایت اللہ کا روزنامہ سیاست سے رشتہ 6دہائیوں سے زیادہ رہا ہے ۔ جناب محمد حمایت اللہ 25ڈسمبر 1932کو پیدا ہوئے تھے اور انہوں نے اپنی زندگی میں دنیا کے کئی ممالک تک دکنی زبان کے فنون کو پہنچانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کیا۔ وہ فائن آرٹس اکیڈمی کے بانی رکن رہے اور اس کے علاوہ زندہ دلان حیدرآباد‘ ادارہ ادبیات اردو‘ انڈین پیوپل تھیٹر کے علاوہ دیگر اداروں و تنظیموں سے وابستہ رہے۔ جناب حمایت اللہ کو سلیمان خطیب ایوارڈ ‘ کارنامۂ حیات ایوارڈ آندھراپردیش اردو اکیڈمی‘ شاعر لطافت ایوارڈ‘ انٹرٹینمینٹ اسوسیشن آف نارتھ امریکہ کے علاوہ یوروپ‘ کینڈا‘ سعودی عرب‘ کویت‘ متحدہ عرب امارات کے علاوہ دیگر ممالک میں مختلف اعزازات سے نوازا جا چکا ہے۔ان کا سیرئیل ’فرمان‘ کافی مشہور ہوا تھا اور اس کے علاوہ انہوں نے دیگر سیرئیل میں بھی خدمات انجام دیں علاوہ ازیں کئی ڈرامے بھی تحریر کئے ۔ جناب محمد حمایت اللہ کی تصنیف دھنمڑی جو کہ ان کا مجموعہ کلام ہے کافی مشہور ہوا۔ محمد حمایت اللہ کے انتقال کی اطلاع کے ساتھ ہی ادبی حلقو ںمیں غم و اندہ کی لہر دوڑ گئی ۔ جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست کے علاوہ جناب ظہیر الدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر سیاست پدم شری جناب مجتبی حسین ، پروفیسر ایس اے شکور سکریٹری / ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی تلنگانہ نے انتقال کی اطلاع کے ساتھ ہی مکان پہنچ کر لواحقین کو پرسہ دیا ۔جناب محمد حمایت اللہ کی نماز جنازہ جامع مسجد معظم پورہ (ملے پلی) بڑی مسجد میں بروز ہفتہ 27مئی کو بعد نماز ظہر ادا کی جائے گی اور تدفین قطبی گوڑہ قبرستان میں تدفین عمل میںآئے گی۔ مزید تفصیلات فون نمبر 040-23390857 پر معلوم کی جاسکتی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT