Monday , December 18 2017
Home / شہر کی خبریں / طوفانی بارش سے پرانے کے عوام مشکلات سے دوچار

طوفانی بارش سے پرانے کے عوام مشکلات سے دوچار

مقامی جماعت کے قائدین ناندیڑ انتخابی مہم میں مصروف ، مشکل گھڑی میں عوامی نمائندوں کا انتظار
حیدرآباد ۔ 3۔ اکتوبر (سیاست نیوز) طوفانی بارش نے پرانے شہر کے کئی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لیتے ہوئے عوام کیلئے مشکلات پیدا کردی ۔ مصیبت کی اس گھڑی میں عوام اپنے عوامی نمائندوں کا انتظار کر رہے ہیں تاکہ وہ انہیں امداد اور راحت فراہم کرنے کیلئے پہنچ جائیں۔ پرانے شہر میں مقامی سیاسی جماعت کے عوامی نمائندے کل سے عوام کی مدد کیلئے دکھائی نہیں دیئے ۔ پرانے شہر کا کوئی علاقہ ایسا نہیں جو بارش سے متاثر نہ ہوا ہو۔ بعض علاقوں میں پانی مکانات میں داخل ہوگیا جبکہ بیشتر علاقوں میں سڑکیں بری طرح تباہ ہوگئیں جس سے راہگیروں کو دشواریوں کا سامنا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے مزید دو دن تک بارش کی پیش قیاسی کی ہے ، لہذا عوام کو اندیشہ ہے کہ مزید بارش کہیں ان کیلئے مصیبت کا باعث نہ بن جائے۔ عام حالات میں ہر معاملہ میں مقامی جماعت کے قائدین کریڈٹ حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ بعض قائدین تو ایسے ہیں جو ہدایت کے بغیر عوام کے درمیان نہیں جاتے لیکن کل سے یہ تمام قائدین دکھائی نہیں دیئے۔ بتایا جاتا ہے کہ قیادت نے بیشتر عوامی نمائندوںکو ناندیڑ کی بلدی انتخابی مہم میں مصروف کردیا ہے اور وہ اپنے منتخب کرنے والے عوام کو بے یار و مددگار چھوڑ کر پارٹی کی انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کئی کارپوریٹرس اور ارکان اسمبلی کو ناندیڑ روانہ کیا گیا جہاں وہ دن رات انتخابی مہم میں مصروف ہیں تو دوسری طرف ان کے بلدی اور اسمبلی حلقوں کے عوام ان کا انتظار کر رہے ہیں۔ پرانے شہر کے کئی علاقوں میں بارش کے دوسرے دن بھی عوام کی مصیبت کم نہیں ہوئی اور بعض علاقے پانی کے گھیرے میں پائے گئے۔ ان علاقوں میں بچاؤ امدادی کام انجام دینے کیلئے عہدیداروں کی ٹیمیں بھی نہیں پہنچیں۔ ایسے میں عوام اپنے منتخبہ نمائندوں سے امیدیں وابستہ کئے ہوئے ہیں کہ وہ آکر انہیں مصیبت سے باہر نکالیں گے ۔ جب عوام کو یہ پتہ چلا کہ ان کے قائدین ناندیڑ میں مصروف ہیں تو انہیں مایوسی ہوئی۔ مصیبت کی اس گھڑی میں ہونا تو یہ چاہئے کہ تمام کارپوریٹرس کو غریب بستیوں میں اناج و دیگر ضروری اشیاء کے ساتھ روانہ کیا جاتا۔ اس کے علاوہ خستہ مکانات میں رہنے والے افراد کے لئے ریلیف کیمپ قائم کیا جاتا۔ اب جبکہ مزید دو دن تک بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے ، عوام کو اپنے قائدین پر انحصار کئے بغیر ہی مسائل سے نمٹنا ہوگا۔ پرانے شہر میں بارش کے ساتھ ہی گھنٹوں برقی سربراہی کی مسدودی کی شکایات مل رہی ہیں۔ سڑکوں پر گڑھے ٹو وہیلر گاڑیوںکیلئے حادثات کا سبب بن رہے ہیں۔ برسر اقتدار پارٹی سے تعلق رکھنے والے قائدین کو کم از کم پرانے شہر کے عوام پر توجہ دینی چاہئے ۔

TOPPOPULARRECENT