طویل ترین پرواز : سنگاپور ایئرلائنز طیارہ سنگاپور سے نیویارک روانہ

سنگاپور ۔ 11 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سنگاپور سے نیویارک کیلئے 19 گھنٹوں کی طویل پرواز کیلئے مسافرین نے خود کو ذہنی اور جسمانی طور پر بالکل تیار کرلیا ہے جس کیلئے سنگاپور ایئرلائنز نے دو پائلٹس کی خدمات حاصل کی ہیں اور مسافرین کیلئے آرگنک پکوان کا اہتمام کیا گیا ہے جو طویل سفر کے دوران گیس پیدا نہ کرسکے اور ساتھ ہی ساتھ انہیں شراب کی محدود مقدار ہی سربراہ کی جائے گی۔ سنگاپور سے نیویارک کیلئے 16700 کیلو میٹر کا فاصلہ 19 گھنٹوں میں طئے کیا جائے گا جس کیلئے مسافرین بوریت سے بچنے کیلئے کئی آڈیو اور ویڈیو تفریحی پروگرام سے محظوظ ہوسکتے ہیں۔ سنگاپور ایئرلائنز A350-900ULR ایئر بس کا استعمال کرے گی جس میں 67 مسافرین بزنس کلاس اور 94 مسافرین پریمیم اکنامی کلاس میں ہوں گے جبکہ دو پائلٹس کے علاوہ ایک فرسٹ آفیسر اور کیبن کا عملہ 13 افراد پر مشتمل ہوگا۔ طیارہ کی کھڑکیاں عام طیاروں کی کھڑکیوں سے بڑی ہوں گی جبکہ چھت بھی دیگر طیاروں کے مقابلے زائد اونچی ہوگی اور بتیاں بھی کچھ اس طریقہ سے جلائی جائیں گی کہ ان کا منفی اثر مسافرین پر نہ ہو اور وہ کم سے کم تھکن محسوس کریں۔

TOPPOPULARRECENT