Friday , December 15 2017
Home / دنیا / طیارہ میں مسافرین و عملہ کے ساتھ بدسلوکی ‘ 3 افراد گرفتار

طیارہ میں مسافرین و عملہ کے ساتھ بدسلوکی ‘ 3 افراد گرفتار

ہندو مہاسبھا کے ٹاملناڈو کے نائب صدر و دو وکلا شامل ۔ پرواز میں ایک گھنٹہ کی تاخیر
کوئمبتور 19 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) چینائی جانے والی ایک پرواز میں عملہ کے ارکان اور مسافرین کے ساتھ بدسلوکی کے الزام میں ہندو مہاسبھا کے ایک لیڈر اور دو وکلا سمیت تین افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے جو مبینہ طور پر حالت نشہ میں تھے ۔ ان کی گرفتاری کل رات طیارہ کی پرواز سے قبل عمل میں آئی ۔ اکھل بھارت ہندو مہاسبھا کے ٹاملناڈو یونٹ کے نائب صدر سبھاش سوامی ناتھن اور دو وکلا سینتھل کمار اور راجہ کو کل رات طیارہ سے اتار کر گرفتار کرلیا گیا ۔ ان پر الزام ہے کہ وہ طیارہ کی پرواز سے قبل اپنے فونس میں ائر ہوسٹیس کی تصاویر بنا رہے تھے ۔ تصاویر بنانے کے مسئلہ پر تکرار ہوگئی تھی ۔ ان تینوں کو آج ایک مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا گیا جنہوں نے سبھاش کو 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا جبکہ دو وکلا کی ضمانت منظور کرلی گئی ۔ کہا گیا ہے کہ یہ ملزمین رات 10.45 بجے چینائی جانے والی پرواز میں سوار ہوئے تھے ۔ انہوں نے ائر ہوسٹیس کی تصاویر بنائیں جس پر اعتراض کیا گیا ۔ تینوں مسافرین نے عملہ کی درخواست پر یہ تصاویر ڈیلیٹ کردیں۔ جب سکیوریٹی مینیجر نے مسافرین کو مقامی زبان میں قوانین کی پابندی کی تلقین کی تو یہ تینوں برہم ہوگئے اور ائر لائین کے عملہ کو دھمکیاں دیں۔ پولیس کے بموجب مسافرین کی اکثریت نے انتباہ دیا تھا کہ اگر ان تینوں کو سفر کی اجازت دی گئی تو وہ سفر کرنے سے گریز کرینگے ۔ سکیوریٹی عملہ نے سی آئی ایس ایف کو اس کی اطلاع دی جس نے تینوں مسافرین کو طیارہ سے اتار لیا ۔ ائر لائین انڈیگو نے دوسرے مسافرین کو ہونے والی مشکلات پر معذرت خواہی کی ہے اور قوانین کی خلاف ورزیاں کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا تیقن دیا ہے ۔ ان تینوں کو پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا تھا اور گرفتاری کے بعد انہیں آج عدالت میں پیش کیا گیا تھا ۔ اس ہنگامہ کی وجہ سے پرواز میں ایک گھنٹہ کی تاخیر ہوئی تھی ۔ آج صبح کی اولین ساعتوں میں اس پر ایف آئی آر درج کیا گیا ۔

TOPPOPULARRECENT