Wednesday , November 21 2018
Home / اضلاع کی خبریں / ظہیرآباد میں بلدی مسائل کی صورتحال کا جائزہ

ظہیرآباد میں بلدی مسائل کی صورتحال کا جائزہ

ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ کا عہدیداروں کے ہمراہ سائیکل پر دورہ اور عوام سے ملاقات

ظہیرآباد ۔ /8 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ نے آج صبح کی اولین ساعتوں میں پارٹی کے دیگر سرکردہ قائدین اور اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ سائیکلوں کے ذریعہ میونسپلٹی ظہیرآباد کا دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی اور ان کے بلدی مسائل سے واقفیت حاصل کی ۔ تفصیلات کے بموجب ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ ، رکن پارلیمنٹ ظہیرآباد بی پی پاٹل ، رکن اسمبلی دوباک رام لنگاریڈی ، ایم ایل سی محمد فریدالدین اور ضلع کلکٹر واسو وینکٹیشورلو کے بشمول دیگر سرکردہ قائدین و دیگر اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ بلدی حلقہ جات 17 ، 4 ، 8 ، 9 ، 10 ، 11 ، 13 ، 14 اور 15 کا دورہ کیا ۔ سب سے پہلے سائیکلوں کا یہ قافلہ ایم ایل سی محمد فرید الدین کی رہائش گاہ سے نکل کر وارڈ نمبر 17 (مومن محلہ) پہنچا اور وہاں کے بلدی مسائل کا جائزہ لینے کے بعد وارڈ نمبر 4 میں واقع چناریڈی نگر کالونی ، وارڈ نمبر 8 (شانتی نگر) میں واقع پبلک گارڈن کا معائنہ کیا اور اس کی بعجلت ممکنہ ترقی کے لئے ہدایت دی ۔ اس کے بعد تمام سائیکل سوار قائدین بلٹ سائیکل موٹروں پر سوار ہوکر وارڈ نمبر 9 ، 10 ، 11 (شانتی نگر) ، 13 (باگاریڈی پلے ) 14 دراچنا پیٹ اور 15 (آریہ نگر) پہنچے اور وہاں کے بلدی مسائل کا جائزہ لیا ۔ دریں اثناء موٹر سائیکلوں کا یہ قافلہ راچنا پیٹ میں واقع شمشان گھاٹ پہنچ کر اس کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا ۔ یہ پہلا موقع ہے کہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد ٹی ہریش راؤ نے دیگر سرکردہ قائدین و اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ میونسپلٹی ظہیرآباد کا تفصیلی دورہ کیا اور یہ کہ آج کا یہ دورہ میونسپلٹی ظہیرآباد کو سدی پیٹ میونسپلٹی کی طرح ترقی دینے کے اپنے وعدہ کی سمت پہلا قدم ہے جس کی عوام کی جانب سے ستائش کی جارہی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ دورہ کے بعد ریاستی وزیر نے و ارڈ نمبر 17 میں واقع نالہ کی تعمیر کے لئے 3 کروڑ روپئے ، رعیتو بازار کے لئے 1.5 کروڑ روپئے ، ڈرین اور سڑکوں کی تعمیر کیلئے 5 کروڑ روپئے منظوری کرنے کا یقین دلایا ۔ اس دورہ میں مذکورہ قائدین کے علاوہ صدرنشین بلدیہ شبانہ بیگم ، صدرنشین زرعی مارکٹ کمیٹی ڈی لکشمی ریڈی ، نائب صدرنشین بلدیہ محمد عظمت پاشاہ ، نائب صدرنشین زرعی مارکٹ کمیٹی گاونی شیوکمار ، راملو سنیتا ، ناماروی کرن ، محمد یونس ، محمد عبداللہ ، موتی رام، اراکین بلدیہ ، محمد تنظیم سابق نائب صدرنشین بلدیہ ، محمد یعقوب سابق صدر ٹی آر ایس ظہیرآباد ٹاؤن اور دوسرے بھی شامل تھے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ ریاستی وزیر آبپاشی نے کل اپنے ایک روزہ دورہ ظہیرآباد کے بعد رات میں ایم ایل سی محمد فریدالدین کی رہائش گاہ میں شب بسری کی جب کہ آج صبح دیگر سرکردہ قائدین و اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ میونسپلٹی ظہیرآباد کا معائنہ کے لئے روانہ ہوئے ۔ تقریباً 11 بجے دن حیدرآباد کے لئے روانہ ہوگئے ۔

TOPPOPULARRECENT