Tuesday , December 12 2017
Home / اضلاع کی خبریں / عادل آباد میں حج ہاوز کی تعمیر کا اعلان

عادل آباد میں حج ہاوز کی تعمیر کا اعلان

ضلع کے عازمین کیلئے زیادہ کوٹلہ دلوانے کا تیقن ، تربیتی کیمپ سے ریاستی وزیر جوگورامنا کا خطاب
عادل آباد /11 اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع حج سوسائٹی عادل آباد کے زیر اہتمام عازمین حج 2015 کیلئے ایک روزہ تربیتی کیمپ کا انعقاد سرپرست حج سوسائٹی جناب محمود خان پٹیل کی صدارت میں سنٹرل گارڈن مستقر عادل آباد میں عمل میں آیا ۔ اس موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے ریاستی وزیر جنگلات ، ماحولیات و پسماندہ طبقات مسٹر جوگو رامنا نے شرکت کی ۔ مسٹر جوگو رامنا نے مخاطب کرتے ہوئے ضلع کے تمام عازمین حج کو مبارکباد پیش کی اور ریاست تلنگانہ خصوص کر ضلع عادل آباد کی ترقی کیلئے دعاؤں کی درخواست کی ۔ انہوں نے ضلع حج سوسائٹی سکریٹری جناب شاہد احمد توکل کے مطالبے پر ضلع مستقر عادل آباد میں عازمین حج کیلئے حج ہاوز کی اراضی کی نشاندہی کرتے ہوئے عمارت بھی بنانے کا اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی کے چندر شیکھر راؤ اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے کئی کارنامے و اسکیمات انجام دے رہے ہیں ۔ وہ مستقر عادل آباد میں مسلم بھائیوں کیلئے حج ہاوز بنائیں گے ۔ انہوں نے امسال عازمین حج کے کوٹے میں کافی کمی ہونے پر کہا کہ وہ ریاستی سطح پر وزیر اعلی اور نائب وزیر اعلی جناب محمود علی سے نمائندگی کرتے ہوئے ضلع عادل آباد کے مسلم آبادی کے حساب سے زیادہ سے زیادہ کوٹلہ مختص کرنے کا مطالبہ کریں گے اور آئندہ سال انشاء اللہ عادل آباد ضلع کیلئے زیادہ سے زیادہ کوٹہ دلوائیں گے ۔ ریاستی وزیر نے اپنی جانب سے عازمین حج کی شال اڑھاکر گلپوشی کی اور انہیں مبارکباد بھی پیش کی ۔ اس موقع پر اقلیتی قائدین نائب صدر ضلع ٹی آر ایس جناب سراج قادری ، صدر ٹاون ٹی آر ایس سید ساجد الدین ، صدر میناریٹی سیل سید مجاہد شاہ ، کونسلر ظہیر رمضانی ، معاون رکن بلدیہ عروج خان صدر ڈی سی سی بی ٹیک دامودھر ریڈی فوڈ انسپکٹر محمد ایاز ، بھوما ریڈی نے بھی تمام عازمین حج کو مبارکباد پیش کی ۔ قبل ازیں اس تربیتی کیمپ کا آغاز محمد اشرف طالب علم مدرسہ محمدیہ نے قرات کلام پاک اور شیخ شعیب نے حمد سناکر کیا ۔ اس تربیتی کیمپ کو الحاج مولانا مظہر قاسمی امام و خطیب جامع مسجد کورٹلہ نے مخاطب کرتے ہوئے عازمین حج کو مناسک حج و عمرہ کی فضیلت پر تفصیلی روشنی ڈالی اور کہا کہ جو شخص نے حج کیا اور زنا اور گناہ سے محفوظ رہا تو وہ تمام گناہوں سے پاک ہوکر ایسا لوٹا جیسا کہ ماں کے پیٹ سے پیدا ہونے کے روز پاک تھا ۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ عمرہ ، دوسرے عمرہ تک کے گناہوں کا کفارہ ہے جو ان کے درمیان سرزد ہوں اور حج مبرور کا ثواب جنت ہی ہے جو شخص تندرست ہوں حج کے اخراجات رکھتا ہو پھر بھی بغیر حج کے مرجائے تو قیامت کے دن اس کی پیشانی پر کافر لکھا ہوگا ۔ انہوں نے عازمین حج کو خوش قسمت کہتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی آپ لوگوں کو اپنے گھر کی زیارت کیلئے منتخب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ عمرہ کے صرف دو فرائض اور دو واجبات ہیں جو بھی انہیں پورا کرے گا اس کا عمرہ ہوجائے گا ۔ اسی طرح حج کے تین فرائض اور چھ واجبات اور 10 سنتیں ہیں ۔ جو بھی انہیں پورا کرے گا اس کا حج ہوجائے گا ۔ اس تربیتی کیمپ سے سکریٹری ضلع حج سوسائٹی جناب شاہد احمد توکل نے مخاطب کرتے ہوئے عازمین حج کو سفر کیلئے ضروری سامان اور حج میں کانفرنس مشن لیٹر کے ساتھ رپورٹنگ کرنے کے طریقے اور لگیج و دیگر امور پر تفصیلی روشنی ڈالی تاکہ عازمین کو حج سفر کے دوران کوئی مشکلات پیش نہ آئیں ۔ عازمین حج کو سوسائٹی کی جانب سے مفت کتابیں بھی فراہم کی گئی حج تربیتی کیمپ کا افتتاح جناب محمد عبدالحسیب رکن ضلع حج سوسائٹی کے شکریہ پر عمل میں آیا ۔ اس موقع پر مالک سنٹرل گارڈن جناب محمد عبدالمتین برادر ، محمد عبدالشاہد ، محمد فاروق احمد ، سید ابرار الدین ، نئیر احمد و دیگر نے عیانت کی ریاستی وزیر نے شاہد احمد توکل کو عازمین کیلئے گذشتہ 15 سال سے جاری خدمات پر گلدستہ پیش کرتے ہوئے شال پوشی کی ۔

TOPPOPULARRECENT