Wednesday , July 18 2018
Home / جرائم و حادثات / عادی رہزن گرفتار ، مسروقہ زیورات و موٹر سائیکلس ضبط

عادی رہزن گرفتار ، مسروقہ زیورات و موٹر سائیکلس ضبط

ماضی میں بھی رہزنی کے مقدمات ، کمشنر سٹی پولیس وی وی سرینواس کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ /8 فبروری (سیاست نیوز) ٹاسک فورس پولیس نے ایک عادی رہزن کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی اور اس کے قبضے سے لاکھوں روپئے مالیتی مسروقہ طلائی زیورات اور موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں ۔ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر وی وی سرینواس راؤ نے اس سلسلے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 29 سالہ میر ایان علی خان جس کا تعلق جلگاؤں مہاراشٹرا سے ہے سال 2010 ء میں روزگار کی تلاش میں حیدرآباد آیا تھا اور سال 2011 ء میں اس نے سعیدآباد علاقہ میں ایک سرقہ کی واردات انجام دی تھی جس کے نتیجہ میں اسے گرفتار کرتے ہوئے جیل بھیجا گیا تھا ۔ جہاں پر اس نے ایک اور عادی رہزن سید احمد علی اور اترپردیش کے ہریندر سنگھ سے دوستی کی ۔ جیل سے رہا ہونے کے بعد اس نے شہر کے علاوہ سائبرآباد اور رچہ کونڈہ میں بھی رہزنی کی وارداتوں میں ملوث ہونے لگا اور اسے گزشتہ سال پی ڈی ایکٹ نافذ کرتے ہوئے ایک سال کیلئے جیل بھیج دیا گیا تھا ۔ فبروری سال 2017 ء میں پی ڈی ایکٹ کی مدت ختم ہونے کے بعد وہ جیل سے رہا ہوگیا اور اپنے دو ساتھیوں ہریندر سنگھ اور احمد علی کی مدد سے دوبارہ رہزنی میں ملوث ہونے لگا ۔ واردات انجام دینے کے دوران اس کی نقل و حرکت کا کئی سی سی ٹی وی کیمروں میں ریکارڈ پایا گیا ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ ایان علی خان اکثر فرضی نمبر پلیٹ کی موٹر سائیکل چلاتے ہوئے رہزنی میں ملوث ہوا کرتا تھا اور وہ راہ چلتی خواتین کو نشانہ بنایا کرتا ۔ ٹاسک فورس ساؤتھ زون ٹیم نے اس کے قبضے سے 311 گرام مسروقہ طلائی زیورات ، ایک لاکھ 25 ہزار نقد رقم اور دو موٹر سائیکلیں جس کی مالیت 12 لاکھ بتائی جاتی ہے برآمد کرلی ۔

TOPPOPULARRECENT