Wednesday , November 22 2017
Home / شہر کی خبریں / عازمین حج و عمرہ کو بوگس ٹور آپریٹرس سے چوکس رہنے کا مشورہ

عازمین حج و عمرہ کو بوگس ٹور آپریٹرس سے چوکس رہنے کا مشورہ

حج کمیٹی کے ویب سائٹ کا مشاہدہ کرنے پر زور
حیدرآباد ۔ 25 ۔ مارچ : ( پریس نوٹ ) : عازمین و معتمرین کی رہنمائی اور اس مقدس سفر کے بارے میں ان لوگوں میں شعور بیدار کرنے کی خاطر حج و عمرہ ٹور آرگنائزرس ویلفیر اسوسی ایشن حیدرآباد ( تلنگانہ و آندھرا پردیش ) کا قیام عمل میں لایا گیا ۔ اس اسوسی ایشن کا مقصد خانگی ٹور آپریٹرس کی بھی رہنمائی کرتا ہے ۔ ملک کی مرکزی حج کمیٹی نے اپنے کوٹہ کے عازمین حج سے درخواستیں طلب کی ہیں چونکہ ہر سال حج کمیٹی کو مقررہ کوٹہ سے کہیں زیادہ درخواستیں وصول ہوتی ہیں اس لیے ہر سال قرعہ اندازی کے ذریعہ عازمین حج کا انتخاب کیا جاتا ہے ۔ دوسری جانب حکومت ہند میں درج رجسٹر خانگی ٹور آپریٹرس کی سپریم کورٹ کے فیصلہ کے مطابق انفرادی کوٹہ الاٹ کیا جاتا ہے ۔ ان آپریٹرس کو دو زمروں خانگی ٹور آپریٹرس زمرہ نمبر ایک اور خانگی ٹور آپریٹرس زمرہ نمبر 2 میں تقسیم کیا گیا ۔ زمرہ نمبر ایک کو مقررہ کوٹہ کا 70 فیصد کوٹہ الاٹ کیا گیا جب کہ زمرہ نمبر 2 کے لیے جملہ کوٹہ کا 30 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے ۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے اپنی سرکاری ویب سائٹ پر رجسٹر و خانگی ٹور آپریٹرس کے زمرہ کی فہرست اور ان کے لیے مقررہ کوٹہ کے بارے میں تفصیلات پوسٹ کی ہیں ۔ سعودی حکومت نے دنیا بھر کے عازمین حج کے کوٹہ میں جب سے 20 فیصد کوٹہ کی کٹوتی کی ہے تب سے حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعہ ادائیگی حج کے لیے جانے کے خواہاں درخواست گذار بہت زیادہ متاثر ہوئے ہیں ۔ عازمین کو درپیش اس صورتحال کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے راتوں رات ٹور کمپنیاں وجود میں آکر بھولے بھالے عازمین کو اپنے جھوٹے وعدوں اور دعوؤں میں پھنسا کر دھوکہ دیتی ہیں ۔ اس طرح کی دھوکہ باز کمپنیاں حج کی ادائیگی کا ارادہ رکھنے والے عازمین کو سستے ٹور پیاکیج کی پیشکشی بھی کر کے اپنے جھانسہ میں لیتی ہیں حالانکہ ان کی کمپنیوں کا کوئی وجود نہیں رہتا ۔ کئی برسوں سے اس طرح کی بوگس کمپنیاں لوگوں کو لوٹ رہی ہیں ۔ حال ہی میں ایسی ہی دھوکہ دہی کا ایک واقعہ سامنے آیا جس میں مدھیہ پردیش کے بلغت سے تعلق رکھنے والے 140 عازمین عمرہ کو بوگس کمپنی نے ٹھگ لیا ۔ ایسے میں حج اینڈ عمرہ ٹورس آرگنائزرس ویلفیر اسوسی ایشن عوام کو مشورہ دیتی ہے کہ وہ حکومت ہند و حج کمیٹی سے رجسٹرڈ خانگی ٹور آپریٹرس سے ہی رجوع ہوں ۔ ہندوستان کی وزارت خارجہ مرکزی حج کمیٹی کی آفیشیل ویب سائٹ mea.gov.in ، hajcommittee.gov.in/pto.aspx ، ts-ap-hajqulifiedptos.com کا مشاہدہ ضرور کرلیں ۔۔

TOPPOPULARRECENT