Thursday , May 24 2018
Home / شہر کی خبریں / عازمین حج کا آج پہلا تربیتی اجتماع، علماء کرام کا خطاب

عازمین حج کا آج پہلا تربیتی اجتماع، علماء کرام کا خطاب

جناب محمد محمود علی افتتاح کریں گے، محمد مسیح اللہ خان صدارت کریں گے

حیدرآباد۔/17 فبروری، ( سیاست نیوز) حج 2018 کے منتخب عازمین حج کیلئے تلنگانہ حج کمیٹی کا پہلا تربیتی کیمپ کل 18 فبروری 10:30 بجے صبح ہائی ٹیک گارڈن فنکشن ہال اولڈ عنبر پیٹ میں منعقد ہوگا۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ حج کمیٹی کے صدرنشین مسیح اللہ خان صدارت کریں گے۔ ایکزیکیٹو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حکومت کے مشیر برائے اقلیتی اُمور اے کے خاں، ارکان مقننہ عامر شکیل، فرید الدین، فاروق حسین کے علاوہ شہر سے تعلق رکھنے والے حج کمیٹی کے ارکان اور مقامی عوامی نمائندے شرکت کریں گے۔ کیمپ میں علماء کرام کی جانب سے عازمین حج کو مناسک حج اور دیگر ضروری اُمور کے سلسلہ میں رہنمائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ہر اتوار کو کیمپ کسی ایک مرکزی مقام پر منعقد کیا جائے گا۔ شہر کے علاوہ اضلاع میں بھی حج سوسائیٹیوں کی جانب سے تربیتی کیمپس شروع کئے جارہے ہیں۔ حج تربیتی کیمپس کے انعقاد سے مناسک حج کی ادائیگی میں عازمین کو سہولت ہوگی۔ متحدہ آندھرا پردیش میں حج تربیتی کیمپس کے انعقاد کی روایت کا آغاز ہوا تھا۔ اسی دوران تلنگانہ سے 60 عازمین حج نے اپنا سفر حج منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں تلنگانہ حج کمیٹی میں درخواست داخل کی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ عازمین حج کی روانگی کے آغاز تک اس تعداد میں مزید اضافہ ہوگا۔ دوسری طرف حج مصارف کی پہلی قسط 81 ہزار روپئے ادا کرنے کی مہلت ختم ہونے کے بعد تقریباً 200 عازمین کی جانب سے پہلی قسط ادا نہ کرنے کی نشاندہی ہوئی ہے۔ جن عازمین نے پہلی قسط ادا نہیں کی ان کی نشست منسوخ کردی جائے گی۔ تلنگانہ سے جو بھی نشستیں خالی ہورہی ہیں وہ سنٹرل حج کمیٹی کے ذمہ رہیں گی۔ دیگر ریاستوں سے بھی اس طرح کی نشستیں ملنے کے بعد سنٹرل حج کمیٹی مسلم آبادی کے اعتبار سے ریاستوں میں تقسیم کرے گی اور ویٹنگ لسٹ کے عازمین کا انتخاب کیا جائیگا۔

TOPPOPULARRECENT