Saturday , June 23 2018
Home / شہر کی خبریں / عازمین حج کو بہترین سہولتیں فراہم کرنے حج کمیٹی کی مساعی

عازمین حج کو بہترین سہولتیں فراہم کرنے حج کمیٹی کی مساعی

تربیتی اجتماع سے پروفیسر ایس اے شکور کا خطاب

تربیتی اجتماع سے پروفیسر ایس اے شکور کا خطاب
حیدرآباد 6 جولائی (پریس نوٹ) پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر اسٹیٹ حج کمیٹی نے عازمین حج کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سفر حج اور مناسک حج و عمرہ کے تعلق سے تمام قواعد و ضوابط اور مناسک کی مکمل معلومات حاصل کریں تاکہ ان کو سعودی عرب میں قیام کے دوران کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔ اُنھوں نے کہاکہ حج کمیٹی ہر سال عازمین کو بھرپور سہولتیں فراہم کرتی ہے اور اس سال مزید بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ حج کمیٹی کے زیراہتمام مسجد قطب شاہی خیریت آباد میں منعقدہ تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ایس اے شکور نے کہاکہ اس سال حجاج کرام کو مدینہ منورہ میں طعام کی سہولت بھی فراہم کی جارہی ہے تاکہ وہ اپنا زیادہ سے زیادہ وقت عبادات اور دعاؤں میں گزار سکیں۔ اُنھوں نے کہاکہ عازمین اپنے ساتھ وہیل چیر بھی لے جاسکتے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ حجاج کرام کو واپسی کے موقع پر ایرپورٹ پر دس کلو زم زم کے کیان بھی دیئے جائیں گے۔ پروفیسر شکور نے اجتماع کے دوران وہاں موجود چھ خادم الحجاج کا تعارف کروایا اور عازمین سے کہاکہ وہ سعودی عرب میں ضرورت کے وقت ہنگامی حالات میں خادم الحجاج سے مدد لے سکتے ہیں اورروانگی کے موقع پر ان کے فون نمبر بھی دیئے جائیں گے۔ سعودی عرب میں ہندوستانی حج مشن بھی عازمین کی مدد و رہبری کے لئے مستعد رہتا ہے۔ اُنھوں نے عازمین سے خواہش کی کہ وہ دوسری قسط کی رقم جلد سے جلد ادا کردیں تاکہ لمحہ آخر میں پریشانی سے بچ سکیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ تاحال 293 درخواست گذاروں کا ویٹنگ لسٹ کے تحت حج کے لئے انتخاب عمل میں آیا ہے۔ اجتماع کی کارروائی قرأت کلام پاک سے ہوئی۔ جناب عرفان شریف نے ہدیہ نعت پیش کیا۔ ایکزیکٹیو آفیسر جناب عبدالحمید اور سابق رکن حج کمیٹی جناب شیخ شریف اور دوسرے موجود تھے۔ مولانا مفتی جاوید نے مناسک و فضائل حج و عمرہ بیان کئے۔ ڈاکٹر فضل الدین نے آداب زیارت مدینہ منورہ بیان کئے اور احرام باندھنے کا عملی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر خواتین کے لئے پردہ کا خصوصی انتظام کیا گیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT