Sunday , December 17 2017
Home / شہر کی خبریں / عازمین حج کو خانگی ٹور آپریٹرس کے دھوکہ سے چوکس رہنے کا مشورہ

عازمین حج کو خانگی ٹور آپریٹرس کے دھوکہ سے چوکس رہنے کا مشورہ

لاکھوں روپیوں سے محرومی ممکن ، ڈائرکٹر جنرل اے سی بی اے کے خاں کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/14جنوری، ( سیاست نیوز)  ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو اے کے خاں نے خانگی ٹور آپریٹرس کی دھوکہ دہی کے بارے میں عازمین حج کو چوکس کرتے ہوئے کہا کہ معلومات کے بغیر ٹور آپریٹرس سے رجوع ہونے کی صورت میں لاکھوں روپئے سے محروم ہوسکتے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اے کے خاں نے کہا کہ ہر سال خانگی آپریٹرس کی جانب سے دھوکہ دہی کے کئی واقعات رونما ہورہے ہیں۔ گزشتہ سال بھی 15تا20 آپریٹرس کی جانب سے عازمین کو دھوکہ دینے کے واقعات منظر عام پر آئے۔ انہوں نے کہا کہ کئی آپریٹرس حج کوٹہ کے الاٹمنٹ کے بغیر ہی بھاری رقومات حاصل کررہے ہیں اور عازمین کے پاس رقم کی ادائیگی کا ثبوت موجود نہیں ہوتا جس کے باعث دوبارہ رقم وصول کرنے میں دشواری ہوتی ہے۔ انہوں نے عازمین حج کو مشورہ دیا کہ وہ پہلے ٹور آپریٹر کے پاس حج کمیٹی کے کوٹہ اور اس کی کارکردگی کے بارے میں اچھی طرح چھان بین کرلیں۔ رقم کی ادائیگی کی صورت میں رسید حاصل کرلی جائے ورنہ پولیس کو بھی رقم وصول کرنے میں دشواری ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اکثر و بیشتر معلومات کی کمی کے باعث حج بیت اللہ کی سعادت کے خواہشمند لاکھوں افراد محنت کی کمائی سے محروم ہوجاتے ہیں۔ اے کے خاں نے کہا کہ حج کمیٹی سے قرعہ اندازی میں انتخاب نہ ہونے کی صورت میں عازمین کو چاہیئے کہ قابل اعتبار اور بھروسہ مند ٹور آپریٹر سے رجوع ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ حج ہاوز میں بھی کئی درمیانی افراد سرگرم دکھائی دیتے ہیں جو عازمین حج کو قرعہ اندازی کے بغیر منتخب کرانے کا جھانسہ دیتے ہیں۔ اس طرح کے دھوکہ بازوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت عازمین حج کیلئے حیدرآباد اور سعودی عرب میں بہتر انتظامات کو یقینی بنائے گی۔

TOPPOPULARRECENT