Saturday , December 16 2017
Home / Top Stories / عازمین حج کی رہنمائی کیلئے خصوصی ویب سائٹ کا افتتاح

عازمین حج کی رہنمائی کیلئے خصوصی ویب سائٹ کا افتتاح

۔2 جنوری سے درخواستوں کی وصولی، مؤثر انتظامات کیلئے سعودی سفیر سے مختار عباس نقوی کی بات چیت

نئی دہلی 20 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر اقلیتی اُمور مختار عباس نقوی نے ہندوستانی عازمین کے ’آرام دہ محفوظ‘ حج کو یقینی بنانے کے لئے سعودی عرب کے سفیر متعینہ ہند سعود محمد السطی سے آج یہاں تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ بعدازاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے نقوی نے کہاکہ السطی نے سالانہ حج کے موقع پر ہندوستان سے مکمل تعاون کا تیقن دیا۔ نقوی نے ایک علیحدہ تقریب میں ہندوستانی عازمین حج کی مدد و رہنمائی کے لئے شروع کردہ ایک خصوصی ویب سائٹ www.haj.gov.in کا افتتاح کیا۔ جس کے ذریعہ عازمین کو حج کے مناسک، اصول، ضابطوں اور دیگر معلومات سے واقف کروایا جارہا ہے۔ نقوی نے کہاکہ ’’ہندوستانی عازمین کے ’محفوظ و آرام دہ‘ حج کو یقینی بنانے کے لئے سعودی عرب انتظامیہ کے ساتھ ہم مکمل تعاون و رابطہ میں کام کررہے ہیں۔ ان کوششوں کے ایک حصہ کے طور پر میں آج سعودی سفیر سے تفصیلی تبادلہ خیال کرچکا ہوں جنھوں نے حکومت کو ہندوستانی عازمین کی بھرپور مدد کا تیقن دیا ہے‘‘۔ وزیر اقلیتی اُمور نے کہاکہ جنوری کے پہلے ہفتہ میں ان کی زیرقیادت سینئر عہدیداروں اور حج کمیٹی کے ارکان کا ایک وفد جدہ روانہ ہوگا جہاں حج کے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ نقوی نے کہاکہ ہندی، اردو اور انگریزی میں ویب سائٹ شروع کی گئی ہے۔ آئندہ سال کے حج کے لئے 2 جنوری سے درخواستیں دستیاب رہیں گی۔ انھوں نے کہاکہ حج کے لئے آن لائن درخواستیں پیش کی جاسکتی ہیں اور منتخب عازمین آن لائن ادائیات بھی کرسکتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT