Wednesday , June 20 2018
Home / شہر کی خبریں / عازمین حج کی سہولت کیلئے تین زبانوں میں خصوصی پروگرام کی تیاری

عازمین حج کی سہولت کیلئے تین زبانوں میں خصوصی پروگرام کی تیاری

حج کمیٹی کے تربیتی اجتماع سے مسیح اللہ خان، ایس اے شکور، مولانا حسان فاروقی، عرفان اللہ شاہ نوری، ممشاد پاشاہ کا خطاب
حیدرآباد18مارچ ( پریس نوٹ ) تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیراہتمام چشتی فاؤنڈیشن حیدرآبادکے اشتراک سے آج کرسٹل گارڈن جہاں نما میں عازمین حج کا چوتھا تربیتی اجتماع منعقد ہوا‘ جس کی صدارت صدر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی جناب محمد مسیح اللہ خان نے کی۔ قاری محمد سراج محی الدین افتخاری عادل پاشاہ کی قرأت کلام پاک سے اجتماع کا آغاز ہوا‘ جناب شفیع قادری اور مرزا عارف اللہ بیگ قادری نے ہدیہ حمد و نعت پیش کیا۔ جناب مسیح اللہ خان نے اس موقع پر اعلان کیا کہ عازمین حج کی سہولت کے لئے تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کی ویب سائٹ پر تین زبانوں‘ اردو انگریزی اور تلگومیںایک خصوصی پروگرام تیار کیا جارہا ہے جس میں عمرہ کی ادائیگی سے لے کر سفر حج او ر حج سے واپسی تک کے تمام مراحل او ر تمام امور کا احاطہ کیا جائے گا ۔ ایکزیکٹیو آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے اعلان کیا کہ مکہ مکرمہ میں رباط کی تصریح یعنی اجازت نامہ وصول ہوچکا ہے اور اس سال 1276 عازمین کو رباط کی تین عمارتوں میں مفت قیام کی سہولت حاصل ہوگی۔ رباط میں قیام کے لئے کسی کی سفارش چلنے والی نہیں ہے بلکہ تلنگانہ کے 31اضلاع‘ کرناٹک کے پانچ اور مہاراشٹرا کے 10 اضلاع سے تعلق رکھنے والے عزیزیہ زمرہ کے عازمین کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب کیا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ عازمین حج کو سفر پر روانگی سے قبل 2100ریال دیئے جائیں گے‘ اس کے علاوہ وہ ہندوستانی کرنسی میں 25,000روپئے اور 10ہزار ڈالر یا اس کے مماثل ریال ساتھ لے جاسکتے ہیں۔ گرین زمرہ میں پکوان کی اجازت نہیں ہے عزیزیہ زمرہ میں 12افراد کے لئے ایک کچن‘ چھ افراد کے لئے ایک باتھ روم کا انتظام رہے گا۔ اسی طرح مدینہ منورہ میں بھی عازمین کو اپنے کھانے کا خود انتظام کرلینا ہوگا۔ پروفیسر شکور نے کہا کہ محرم زمرہ کے تحت درخواست دینے کی آخری تاریخ 20مارچ ہے۔ اس موقعہ پر انہوں نے سوالا ت کے جوابات بھی دیئے۔مولانا محمد حامد حسین حسان فاروقی نگران سنی دعوت اسلامی نے فضائیل و مناسک حج بیان کرتے ہوئے حج کے پانچ دنوں کی تفصیلات بیان کیں ۔ زیادہ سے زیادہ پیدل چلنے اور نگاہوں کو نیچی رکھنے کی عادت ڈالیں۔ مولانا عرفان اللہ شاہ نوری نے عازمین سے کہا کہ وہ اپنے مقام کو پہچانیں‘ جسمانی سفر کے ساتھ روحانی اور قلبی سفر بھی ضروری ہے۔ مدینہ منورہ وہ در ہے جہاں سب ہی کو سر جھکانا ہے اور حد سے زیادہ ادب و احترام کا مظاہرہ کرنا ہے۔ مولانا سید محمد علی قادری الھاشمی ممشاد پاشاہ نے آداب زیارت روضہ نبوی ﷺ بیان کئے۔ مولانا حافظ محمد عرفان قادری مبلغ سنی دعوت اسلامی اور مولانا مفتی سید سکندر علی چشتی بانی دارالعلوم راجھستان جے پور نے بھی خطاب کیا۔ جناب محمد فیاض اے سی پی فلک نما نے جو دو مرتبہ اسسٹنٹ حج آفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ روزانہ نماز فجر کے بعد پیدل چلنے کی عادت ڈالیں۔ جناب غوث محی الدین ایڈیشنل ڈی سی پی ساؤتھ زون نے کہا کہ سکیوریٹی کے اصول و قواعد کی خلاف ورزی پر ہی حادثات پیش آتے ہیں اس لئے عازمین اصول و قواعد کی پابندی کریں ۔ جناب ابو طلحہٰ محمد امجد رکن ریاستی حج کمیٹی کہا کہ حج کا پیام یہ ہے کہ اتحاد و اتفاق پیدا کیا جائے۔ مولانا انوار احمد قادری نائب شیخ التفسیر جامعہ نظامیہ نے حج سے متعلق مسائل کے سوالات کے تفصیلی جوابات دیئے۔ اس اجتماع میں جناب محمد عارف رکن حج کمیٹی کے علاوہ مولانا سید ندیم اللہ حسینی اور دوسرے موجود تھے۔ جناب عرفان شریف ( حج کمیٹی) نے انتظامات کی نگرانی کی۔ خواتین کے لئے بالائی منزل پر علیحدہ انتظام کیا گیا تھا۔ اجتماع کے بعد نماز ظہر ادا کی گئی اور حاضرین کے لئے ظہرانہ کا انتظام کیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT