Saturday , November 18 2017
Home / شہر کی خبریں / عازمین حج کی سیکوریٹی کا مسئلہ پولیس کمشنریٹ تک پہنچ گیا

عازمین حج کی سیکوریٹی کا مسئلہ پولیس کمشنریٹ تک پہنچ گیا

مرکزی وزارت اقلیتی اُمور کی جانب سے مکتوب وصول ‘ مرکزی حکومت کے رہنمایانہ خطوط پر سیکوریٹی کی خواہش

حیدرآباد۔ 24 جولائی (سیاست نیوز) حج 2017 کیلئے تلنگانہ عازمین حج کی سکیوریٹی کا مسئلہ محکمہ اقلیتی بہبود سے حیدرآباد وسکندرآباد پولیس کمشنریٹ پہنچ چکا ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے مرکزی وزارت اقلیتی امور کی جانب سے موصولہ مکتوب کا حوالہ دیتے ہوئے کمشنر حیدرآباد و کمشنر سائبرآباد کو مکتوب روانہ کیا ہے جس میں مرکزی حکومت کے رہنمایانہ خطوط کے مطابق سکیوریٹی انتظامات کرنے کی خواہش کی گئی۔ واضح رہے کہ حج کیمپ اور عازمین حج کی روانگی کے انتظامات حیدرآباد پولیس کمشنر کے تحت آتے ہیں۔ جبکہ روانگی و ایرپورٹ سائبرآباد پولیس کے تحت مرکزی حکومت نے ملک کی موجودہ صورتحال اور خاص طور پر گائورکھشکوں کی سرگرمیوں اور حج کے لیے روانگی میں رکاوٹ پیدا کرنے کی دھمکیوں کو دیکھتے ہوئے تمام ریاستوں کے چیف سکریٹریز کو مکتوب روانہ کیا جس میں عازمین حج کی مکانات سے روانگی سے لے کر حج کیمپ اور حج ٹرمینل میں سکیوریٹی انتظامات کی ہدایت دی گئی۔ چیف سکریٹریز کی جانب سے علیحدہ طور پر پولیس کو چوکس کیا جارہا ہے تاکہ وہ سکیوریٹی انتظامات کے سلسلہ میں ابھی سے منصوبہ بندی کرلیں ۔ واضح رہے کہ 11 اگست کو تلنگانہ حج کمیٹی کا کیمپ حج ہائوز نامپلی میں شروع ہوگا جبکہ 13 اگست سے حج فلائٹس کا آغاز ہوگا۔ مرکزی حکومت کی ہدایت کے بعد متعلقہ پولیس کو چوکس کردیا گیا ہے۔ پولیس اسٹیشن عابڈس کے عہدیداروں نے سکیوریٹی ونگ کے ہمراہ حج ہائوز کا معائنہ کیا اور کیمپ کے انعقاد کے مقام کا جائزہ لیا۔ حیدرآباد اور سائبرآباد کے پولیس عہدیدار سکیوریٹی انتظامات کے سلسلہ میں حج کمیٹی سے ربط میں ہے۔ اسی دوران سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے مرکزی حکومت سے مکتوب کی وصولی کی توثیق کی اور کہا کہ مرکز نے جن امور پر توجہ مرکوز کی ہے اس بارے میں متعلقہ پولیس کو اطلاع دے دی گئی ہے۔ انہوں نے مکتوب کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔ دوسری طرف آندھراپردیش حج کمیٹی اپنے عازمین کی سکیوریٹی کے بارے میں ابھی خواب غفلت کا شکار ہے۔ مرکز سے مکتوب ملنے کے باوجود کمیٹی نے ابھی تک کوئی پیشرفت نہیں کی۔ واضح رہے کہ آندھراپردیش کے عازمین کے قیام کے انتظامات حج کیمپ کے بجائے نامپلی کے اطراف ہوٹلوں میں کئے جارہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT