Wednesday , December 12 2018

عازمین حج کی فلاح و بہبود کیلئے بہترین انتظامات کرنے حکومت کا عزم

پہلے حج تربیتی اجتماع کا افتتاح‘ جناب محمود علی‘ چیرمین حج کمیٹی جناب مسیح اللہ خان اور پروفیسر ایس اے شکور کا خطاب

حیدرآباد 18 اپریل (سیاست نیوز) نائب وزیر اعلیٰ جناب محمد محمود علی نے کہا ہے کہ حکومت تلنگانہ عازمین حج کی خدمت اور مدد کو اپنے لئے اعزاز سمجھتی ہے ‘ اس مقصد کے لئے حکومت کے پاس عزم و ارادہ کے ساتھ ساتھ پیسہ کی کوئی کمی نہیں ہے۔ وہ آج تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیر اہتمام منتخب عازمین حج کا پہلے تربیتی اجتماع کو مخاطب کررہے تھے جو ہائی ٹیک گارڈن فنکشن ہال ‘ اولڈ ملک پیٹ میں منعقد ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر جناب کے چندر شیکھر راؤ کو حجاج کرام کی فلاح و بہبود سے گہری دلچسپی ہے اور انہو ںنے عازمین کی روانگی کے انتظاما ت کو کامیاب بنانے کے لئے بہترین انتظامات کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ انہوںنے صدر نشین حج کمیٹی جناب محمد مسیح اللہ خان اور ارکان کو مبارکباد پیش کی اور حج کیمپ کے انعقاد و انتظامات پر ایکزیکٹیو آفیسر پروفیسر ایس اے شکور کی ستائش کی ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں سفر حج مشکل ہوا کرتا تھا اور حج ادا کرنا آسان تھا ‘ لیکن اب سفر آسان ہوگیا ہے۔جناب محمود علی نے کہا کہ عازمین حج‘ اللہ کی طلبی پر ہی حج پر جارہے ہیں۔ انہوں نے حجاج کرام کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ دیا۔ صدر نشین ریاستی حج کمیٹی جناب محمد مسیح اللہ خان نے عازمین کوان کے انتخاب پرمبارکباد پیش کی اور کہا کہ وہ خوش نصیب ہیں کہ حج کے لئے ان کا انتخاب عمل میں آیا ‘ عازمین کرام نے پہلی قسط ادا کردی ہے اور دوسری قسط کے تعلق سے ان کو مناسب وقت پر اطلاع دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو حج کمیٹی سے جو توقعات ہیں وہ اس سے زیادہ کردکھائیں گے۔ صدر نشین حج کمیٹی نے کہا حج کے لئے انتخاب کے تعلق سے کسی پر بھی بھروسہ نہ کریں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ سارے ملک میں تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی عازمین کی روانگی کے بہترین انتظامات کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حج کمیٹی کو 1,25,000ہزار کا حج کوٹہ الاٹ کیا گیاجس میں سے ریاست تلنگانہ کو 4,066کا کوٹہ ملا‘ 508عازمین 70سال کی عمر کے محفوظ زمرہ میں منتخب ہوئے اور 3558 کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب عمل میں آیا۔ انہوںنے کہا ڈپٹی چیف منسٹر کی کوششوں کی بدولت مکہ مکرمہ میں رباط کا مسئلہ حل ہوا اور گزشتہ سال 1286 حجاج کرام کو رباط میں قیام و طعام کی سہولت حاصل ہوئی۔ انہوںنے کہا کہ حج سبسیڈی کے خاتمہ سے حیدرآباد امبارکیشن پوائینٹ کے حجاج کرام کو کوئی فرق نہیں پڑا۔ انہو ںنے عازمین کو صبر و تحمل اور پیدل چلنے کی عادت ڈالنے کا مشورہ دیا۔ رکن حج کمیٹی جناب ابو طلحہ محمد امجد علی نے بھی مخاطب کیا۔ حج کمیٹی کے ارکان جناب محمد عارف الدین‘ ڈاکٹر عقیل ہاشمی‘ جناب عبدالقادر اور جناب ایم اے شفیع اس موقع پر موجود تھے۔ مولانا عباس ذکی نے فضائیل حج و عمرہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ نیت پاک ہونی چاہئے اور یہ نیت کریں کہ ہم صرف اللہ کی رضا کے لئے جارہے ہیں۔ انہوں نے حج کے فرائض اور واجبات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ مولانا تسلیم انصاری قادری نے مناسک حج و عمرہ اور حافظ عبدالرشید طلحہ نعمانی نے فضائل و آداب زیارت روضہ نبوی ﷺ مدینہ منورہ پر روشنی ڈالتے ہوئے عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ اس مقدس ترین سرزمین پر پورے ادب و احترام کا مظاہرہ کریں اور اپنے کسی قول یا فعل کے ذریعہ یہ ظاہر نہ کریں کہ ان سے دانستہ یا نادانستہ طور پر کسی قسم کی بے ادبی ہورہی ہو۔ مولانا عبدالستار کی قرأت کلام پاک اور مولانا حافظ محمد انور شاکر کی نعت شریف سے اجتماع کی کارروائی کا آغاز ہوا۔ جناب فاروق حسامی نے ا حرام کی شرائط بیان اور احرام باندھنے کا عملی مظاہرہ کیا۔خاتون عازمین کی کثیر تعداد بھی اس تربیتی اجتماع میں شریک تھی جن کے لئے علیحدہ انتظام کیا گیا تھا۔ جناب عرفان شریف ‘ جناب عبدالقدیرو برادران نے انتظامات کی نگرانی کی او ر مہمانوں کی گلپوشی کی۔

TOPPOPULARRECENT