Friday , September 21 2018
Home / شہر کی خبریں / عازمین حج کی کل سے روانگی کا آغاز ، حج کیمپ نامپلی پر عازمین کی رپورٹ

عازمین حج کی کل سے روانگی کا آغاز ، حج کیمپ نامپلی پر عازمین کی رپورٹ

ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی کا دورہ کیمپ و حج ٹرمنل ، انتظامات کا جائزہ

ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی کا دورہ کیمپ و حج ٹرمنل ، انتظامات کا جائزہ
حیدرآباد۔/12ستمبر، (سیاست نیوز) ریاستی حج کمیٹی کے ذریعہ روانہ ہونے والے عازمین حج کیلئے حج ہاوز نامپلی میں آج حج کیمپ کا آغاز ہوگیا۔ 14ستمبر کو پہلے قافلہ میں روانہ ہونے والے عازمین حج نے آج رپورٹ کی۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی 14ستمبر کو صبح 7بجے حج ہاوز میں پہلے قافلہ کو جھنڈی دکھاکر روانہ کریں گے۔ سعودی ایر لائنز کی خصوصی پرواز سے 11:30بجے دن پہلا قافلہ شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ سے پرواز کرے گا۔ جناب محمد محمود علی ایر پورٹ پہنچ کر پہلے قافلہ کو وداع کریں گے۔ دوسرے دن 15ستمبر کو چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ 4:30بجے سے پہلے حج ہاوز سے دوسرے قافلہ کو روانہ کریں گے۔ دوسرے قافلہ کی پرواز رات 9بجے ہوگی۔ اسی دوران ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے آج حج ہاوز میں حج کیمپ اور شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر حج ٹرمنل کا معائنہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے حج کیمپ میں عازمین کے طعام و قیام اور دیگر انتظامات کا شخصی طور پر معائنہ کرتے ہوئے عہدیداروں سے معلومات حاصل کیں۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور اور ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جناب جلال الدین اکبر نے ڈپٹی چیف منسٹر کو حج ہاوز میں کسٹمس، ایمیگریشن، لگیج، بیرونی زر مبادلہ کی فراہمی اور دیگر سہولیات سے واقف کرایا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے پہلے قافلہ کے عازمین حج سے ملاقات کرتے ہوئے انتظامات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ عازمین حج نے بھی حج کمیٹی کی مساعی کی ستائش کی۔ جناب محمود علی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حج ہاوز کی موجودہ عمارت دفاتر کے قیام کیلئے موزوں ہے اور وہاں عازمین حج طعام و قیام کیلئے موثر سہولتوں کی گنجائش نہیں لہذا حکومت آئندہ عازمین کے قیام کیلئے تمام سہولتوں سے آراستہ عمارت کا انتخاب کرے گی۔ انہوں نے وزیر زراعت پوچا رام سرینواس ریڈی سے ربط پیدا کرتے ہوئے باغ عامہ کے احاطہ میں پارکنگ کی سہولت فراہم کرنے کی خواہش کی جس پر وزیر زراعت نے عہدیداروں کو ہدایت دینے کا تیقن دیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کمشنر پولیس حیدرآباد سے بات چیت کرتے ہوئے ہر سال کی طرح حج کیمپ کے انتظامات کیلئے 30ہوم گارڈز فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ کمشنر نے ہوم گارڈز کو فوری روانہ کرنے کا تیقن دیا۔ حج کیمپ کے معائنہ کے بعد ڈپٹی چیف منسٹر اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ سیدھے شمس آباد انٹر نیشنل ایرپورٹ کے حج ٹرمنل پہنچے جہاں جی ایم آر، سیول ایوی ایشن، سی آئی ایس ایف، سعودی ایر لائنز، کسٹمس اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں نے ٹرمنل میں فراہم کی گئی سہولتوں سے واقف کرایا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے سامان کی منتقلی کیلئے مناسب بیلٹ کی فراہمی اور عازمین حج کو گرمی سے بچانے کیلئے ایر کولرس فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے مرد اور خاتون عازمین کیلئے علحدہ علحدہ نماز گاہ میں مناسب انتظامات کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ پہلی فلائیٹ کی روانگی کے وقت ایرپورٹ پہنچ کر ٹرمنل کا معائنہ کریں گے۔اس موقع پر ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جلال الدین اکبر ، اسپیشل حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور، رکن اسمبلی بودھن شکیل عامر، ایکزیکیٹو آفیسر حج کمیٹی ایم اے حمید کے علاوہ ایم متھالی سیکورٹی انچارج سیول ایوی ایشن، انیل دامر کمانڈنٹ سی آئی ایس ایف، داسری پال ڈپٹی کمشنر کسٹمس، شرت کامدار سیکورٹی آفیسر جی ایم آر، آر سدرشن اے سی پی شمس آباد، کرنل پی سرینواس، روی کمار ( جی ایم آر) پریم کمار، افتخار احمد ( سعودی ایر لائنز ) ساجد غوری (کسٹمس) اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے معائنہ کے بعد کہا کہ حکومت عازمین حج کو تمام تر سہولتیں فراہم کرے گی اور کسی بھی کوتاہی سے بچنے کیلئے وہ بذات خود وقتاً فوقتاً حج کیمپ کا دورہ کریں گے۔ حج کیمپ پہنچنے پر ٹی آر ایس کے اقلیتی قائدین نے ان کا استقبال کیا۔

TOPPOPULARRECENT