Tuesday , November 21 2017
Home / شہر کی خبریں / عازمین حج کی کل منیٰ منتقلی ، تمام عازمین خیر و عافیت

عازمین حج کی کل منیٰ منتقلی ، تمام عازمین خیر و عافیت

چہارشنبہ سے ایام حج کا آغاز ، خادم الحجاج کو چوکس رہنے ایس اے شکور کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 28 ۔ اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ اور آندھراپردیش کے تمام عازمین حج خیریت سے ہیں اور انہیں کل منگل 29 اگست کی رات سے منیٰ منتقل کردیا جائے گا ۔ اس طرح چہارشنبہ سے ایام حج کا آغاز ہوگا۔ دونوں ریاستوں کے عازمین حج جو حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے روانہ ہوئے تھے ، حج کی تیاریوں میں مصروف ہیں ۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ خادم الحجاج کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ ایام حج کے دوران زیادہ چوکس رہیں کیونکہ ضعیف العمر عازمین کی طبیعت عام طور پر خراب ہوتی ہے اور خیموں سے بھٹک جانے کے واقعات پیش آتے ہیں۔ اس طرح کے واقعات تدارک کے لئے خادم الحجاج کو متحرک رہنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلامک ڈیولپمنٹ بینک سے قربانی انجام دینے والے عازمین کو ٹوکن جاری کردیئے گئے ہیں جبکہ بس سے سفر کرنے والے عازمین کو شناختی کارڈ اور ٹرین کے عازمین کو براسلیٹ جاری کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج نے بھی فون پر انہیں بہتر انتظامات کی اطلاع دی ہے۔ اسی دوران حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے عازم محمد عبداللطیف جن کا کل مکہ مکرمہ میں انتقال ہوگیا تھا، آج بعد نماز فجر تدفین عمل میں آئی۔ ہمایوں نگر کے ساکن عبداللطیف کے ہمراہ ان کی شریک حیات ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ اپنے کسی محرم رشتہ دار کے ساتھ حج کی تکمیل کریں گی۔ خادم الحجاج کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ایام حج کے دوران خاص طور پر حج کمیٹی سے ربط میں رہیں اور رپورٹ دیں۔ پروفیسر ایس اے شکور کے مطابق مناسک حج کے دوران حج ہاؤز میں خصوصی سل قائم کیا جائے گا جو 24 گھنٹے عازمین حج کی خیریت کے بارے میں اطلاعات حاصل کرے گا۔ خصوصی سل کے عہدیدار خادم الحجاج اور انڈین حج مشن سے ربط میں رہیں گے ۔

TOPPOPULARRECENT