عازمین حج کے انتخاب کیلئے قرعہ اندازی

تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، پروفیسر ایس اے شکور کا اعلان

تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، پروفیسر ایس اے شکور کا اعلان

حیدرآباد۔/15اپریل، ( پریس نوٹ ) آندھرا پردیش کے عازمین حج کے انتخاب کے لئے مرکزی حج کمیٹی کی جانب سے جمعرات 17اپریل کو 11بجے دن احاطہ حج ہاوز نامپلی حیدرآباد میں قرعہ اندازی عمل میں آئے گی۔ اسپیشل آفیسر آندھرا پردیش اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے یہ اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ قرعہ اندازی کمپیوٹرائزڈ اور ضلع واری سطح پر ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال ریاست بھر میں جملہ 18080 درخواستیں وصول ہوئیں جن میں 16608نئے درخواست گزار ہیں، اور قرعہ اندازی ان ہی نئے درخواست گزاروں میں سے ہوگی۔70سال سے زائد عمر کے عازمین اور چوتھی مرتبہ درخواست دینے والے محفوظ زمروں کے 1472 عازمین کا قرعہ اندازی کے بغیر ہی راست انتخاب عمل میں آچکا ہے۔ ریاستی حج کمیٹی کی جانب سے احاطہ حج ہاوز نامپلی میں قرعہ اندازی کی تقریب کے لئے بڑے پیمانہ پر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں خواتین کے لئے علحدہ انتظام کیا گیا ہے۔ مرکزی حج کمیٹی کی جانب سے تاحال ریاست کے کوٹہ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ ایکزیکیٹو آفیسر ریاستی حج کمیٹی جناب عبدالحمید نے بتایا کہ حیدرآباد سے سب سے زیادہ 9740 درخواستیں وصول ہوئی ہیں جن میں 8839 نئے درخواست گزار اور 901 محفوظ زمرہ کے عازمین شامل ہیں۔ سب سے کم درخواستیں ضلع سریکاکلم سے پانچ اور وجیا نگرم سے 12وصول ہوئی ہیں۔ ان دو اضلاع سے محفوظ زمرے کے کسی عازم حج نے درخواست نہیں دی ہے۔

TOPPOPULARRECENT