Thursday , November 15 2018
Home / شہر کی خبریں / عازمین حج کے انفرادی شیڈول کا ایک ہفتہ میں اعلان متوقع

عازمین حج کے انفرادی شیڈول کا ایک ہفتہ میں اعلان متوقع

عازمین حج کاتربیتی اجتماع، پروفیسر ایس اے شکور ‘ مولانا ضیاء الدین نقشبندی اور دیگر علمأ کا خطاب

حیدرآباد ۔8 جولائی (پریس ریلیز)اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے کہا ہے کہ حج کمیٹی عازمین حج کی روانگی ‘ ان کے سفر حج اور ان کے سعودی عرب میں قیام کے انتظامات کرتی ہے اور حکومت ہند ‘ حکومت سعودی عرب اور دیگر محکموں اور اداروں کے درمیان ایک رابطہ کا کام کرتی ہے۔ تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیر اہتمام منتخب عازمین حج کے بارھویںتربیتی اجتماع سے جو آج جامع مسجد فرسٹ لانسرز نزد درگاہ حضرت سید احمد باد پا ؒ فرسٹ لانسرزمیںمنعقد ہوا۔ اس موقعہ پر جناب ابو طلحہٰ امجد اور جناب محمد عارف الدین ‘ اسسٹنٹ سکریٹری حج کمیٹی جناب عرفان شریف بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی عازمین کے لئے بہتر سے بہتر انتظامات کرتی ہے اور اس میں کوئی کسر نہیں چھوڑتی ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ عازمین حج کی روانگی کے لئے بہت کم وقت باقی رہ گیا ہے۔ انہوں نے عازمین سے خواہش کی کہ وہ حج پر روانگی کے وقت اپنے رشتہ داروں کو حج ہاوز نہ لائیں بلکہ ان کو گیٹ پر ہی وداع کردیں۔ وہاں جگہ کم ہے جس کی وجہ سے مسائیل پیدا ہوتے ہیں۔ حج کیمپ میں داخلہ کے بعد ذمہ داری حج کمیٹی کی ہوتی ہے ۔ انہو ںنے مشورہ دیا کہ عازمین ایک ہی بیاگ استعمال کریں اور اپنے تمام سفری دستاویزات اسی ایک بیاگ میں رکھیں۔ سعودی عرب میں 41دن کا قیام ہوگا اور آپ اللہ کے مہمان رہیں گے ۔ یہ وقت عبادتوں اور ذکر اذکار اور درود شریف کی کثرت میں گذاریں اور دنیاکی فکر چھوڑ دیں، یہاں کے کام آپ کے بغیر بھی چلتے رہیں گے۔ بورڈنگ پاس لینے کے بعد عازمین حج کیمپ سے باہر نہ نکلیں کیونکہ یہ پاس لینے کے بعد وہ انٹرنیشنل مسافر ہوجاتے ہیں ۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی نے کہا کہ عازمین کی روانگی کا انفرادی شیڈول ایک ہفتہ میں آجائے گا۔ ویاکسی نیشن کیمپ کی تاریخوں سے بھی عازمین کو مطلع کیا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ عازمین کو روانگی کے وقت 2100 سعودی ریال دیئے جائیں گے ‘ اس کے علاوہ ہندوستانی کرنسی میں وہ 25,000 روپئے اور مزید 5,000ڈالر کی رقم لے جاسکتے ہیں۔مولانا مفتی ضیاء الدین نقشبندی نے فضائیل و مناسک حج بیان کئے اور کہا کہ عازمین کے لئے ضروری ہے کہ وہ اس سفر مقدس میں صبر و تحمل کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔ مناسک کی ادائیگی کا خاص خیال رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب ہی کو معلوم ہے کہ فحش کلامی نہیں کرنی چاہئے‘ آج کل انٹرینٹ‘ وہاٹس ایپ اور دیگر ذرائع سے فحاشی عام ہو گئی ہے‘ اسی لئے اس سے منع کیا گیا ہے ‘ عازمین کو چاہئے کہ وہ فحش سے بچیں‘ لڑائی جھگڑے سے بچیں اور اپنا وقت عبادات میں گذاریں۔ جناب سید نجیب الدین نے آداب زیارت روضہ نبوی ﷺ بیان کرتے ہوئے عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ سفر مدینہ میں درود شریف کی کثرت رکھیں اور ادب و احترام کا مظاہرہ کرتے رہیں۔ جناب شیخ عبدالکریم نے خیرمقدم کیا۔ مولانامتین الدین نے بھی خطاب کیا۔ مولانا شیخ مفیض الدین کی قرأت کلام پاک سے جلسہ شروع ہوا۔ نعت شریف مولانا سید خلیل الدین اور جناب شیخ امیر الدین نے سنائی۔

TOPPOPULARRECENT