Sunday , November 19 2017
Home / شہر کی خبریں / عازمین حج کے دو قافلے جدہ پہنچ گئے ‘ عمرہ کی ادائیگی

عازمین حج کے دو قافلے جدہ پہنچ گئے ‘ عمرہ کی ادائیگی

چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ آج چوتھے قافلے کو وداع کریں گے ‘ حج ہاؤز پر خصوصی سیکورٹی انتظامات
حیدرآباد ۔ 14 ۔ اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کل 15 اگست کو 4 بجے شام عازمین حج کے چوتھے قافلہ کو حج ہاؤز سے وداع کریں گے۔ حج 2017 ء کے سلسلہ میں عازمین کی روانگی کا آج صبح سے آغاز ہوگیا اور صبح میں دو قافلے سعودی ایرلائینس کی خصوصی پروازوں سے جدہ کیلئے روانہ ہوگئے۔ دونوں قافلوں میں جملہ 900 عازمین کی روانگی عمل میں آئی جو اطلاعات کے مطابق جدہ پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے ضروری امور کی تکمیل کے بعد عمرہ کی تیاری شروع کردی ہے۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کو موصولہ اطلاعات کے مطابق آج رات دونوں قافلوں کے عازمین عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے۔ تمام عازمین خیریت سے بتائے گئے ہیں ۔ عازمین کا پہلا قافلہ آج صبح 2 بجکر 55 منٹ جبکہ دوسرا قافلہ دن میں 11 بجکر 55 منٹ پر روانہ ہوا۔ دوسرے قافلہ کو صبح 8.00 بجے حج ہاؤز نامپلی سے وداع کیا گیا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے جھنڈی دکھائی۔ آر ٹی سی کی خصوصی بسوں کے ذریعہ عازمین کو شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ کے حج ٹرمنل منتقل کیا گیا ۔ حج ہاؤز میں تلبیہہ کی گونج میں دوست احباب اور رشتہ داروں کی کثیر تعداد میں عازمین کو وداع کیا ۔ پروفیسر ایس اے شکور اور حج کمیٹی کے دیگر عہدیداروں نے سنٹر ل حج کمیٹی کے کوآرڈینیٹر ایم ایم اشرف میاں کے ہمراہ حج ٹرمنل میں عازمین کی رہنمائی کی۔ دونوں قافلوں میں 4 خادم الحجاج بھی سعودی عرب روانہ ہوگئے۔ انہوں نے بتایا کہ 18 اگست تک تلنگانہ کے عازمین کی روانگی عمل میں آئے گی جبکہ 19 تا 21 اگست آندھراپردیش کے عازمین کے قافلے روانہ ہوں گے ۔ 22 اگست کی آخری فلائیٹ میں تلنگانہ ، آندھرا اور کرناٹک کے عازمین شامل ہوں گے۔ بارش کے پیش نظر حج ہاؤز نامپلی اور ایرپورٹ کے خصوصی ٹرمنل میں احتیاطی تدابیر اختیار کی گئی ہیں۔ حج والینٹرس اور حج کمیٹی کے عہدیدار دونوں مقامات پر عازمین کی موثر انداز میں رہنمائی کر رہے ہیں۔ 15 اگست کو عازمین حج کے دو قافلے روانہ ہوں گے ۔ پہلا قافلہ صبح 6 بجکر 25 پر پرواز کرے گا۔ اس قافلہ کے عازمین کو رات دیر گئے ڈھائی بجے حج ہاؤز سے وداع کیا جائے گا ۔ چوتھا قافلہ حج ہاؤز سے 4 بجے روانہ ہوگا، جسے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ وداع کریں گے۔ اس قافلہ کی پرواز کا وقت رات 9 بجکر 55 منٹ ہے۔ چیف منسٹر کی حج ہاؤز میں آمد کے پیش نظر سیکوریٹی کے خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ چیف منسٹر کے ہمراہ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی اور عوامی نمائندے موجود رہیںگے۔ تیسرے قافلہ میں حیدرآباد کے 320 ، کریم نگر 15 ، محبوب نگر 19 ، میدک 26 ، نلگنڈہ 10 ، نظام آباد 53 اور رنگا ریڈی کے 10 عازمین شامل ہوں گے جبکہ چوتھے قافلہ میں عادل آباد کے 19 ، حیدرآباد 312 ، کریم نگر 22 ، کھمم 6 ، محبوب نگر 9 ، میدک 14 ، نلگنڈہ 12 ، نظام آباد 21 ، رنگا ریڈی 31 اور ورنگل کے 6 عازمین شامل ہوں گے۔

TOPPOPULARRECENT