Monday , June 25 2018
Home / شہر کی خبریں / عازمین حج کے لیے بہتر انتظامات یقینی بنانے میں حکومت کی دلچسپی

عازمین حج کے لیے بہتر انتظامات یقینی بنانے میں حکومت کی دلچسپی

ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کا کل حج ہاوز کا دورہ ، اقلیتی اداروں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیں گے

ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کا کل حج ہاوز کا دورہ ، اقلیتی اداروں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیں گے
حیدرآباد۔/26اگسٹ، ( سیاست نیوز)ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمد محمود علی جمعرات28 اگسٹ کو حج ہاوز کا دورہ کرتے ہوئے حج کیمپ 2014 کے انتظامات اور مختلف اقلیتی اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے اس دورہ کے موقع پر مختلف اقلیتی اداروں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ آئندہ بجٹ کی تیاری میں اقلیتوں کے بجٹ اور نئی اسکیمات کے آغاز کو قطعیت دی جاسکے۔ جناب محمود علی نے بتایا کہ وہ تمام اداروں میں سرکاری اسکیمات پر عمل آوری کا جائزہ لیں گے اور عہدیداروں سے نئی اسکیمات کے آعاز کے سلسلہ میں تجاویز حاصل کریں گے۔ محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے ڈپٹی چیف منسٹر کے دورہ کے موقع پر محکمہ کی کارکردگی سے متعلق پاور پوائنٹ پریزنٹیشن پیش کیا جائے گا۔ تلنگانہ میں محکمہ اقلیتی بہبود کا قلمدان چیف منسٹر کے پاس ہے تاہم چیف منسٹر نے ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی کو اقلیتی بہبود سے متعلق اُمور کی نگرانی کا ذمہ لیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ حج سیزن 2014کیلئے عازمین حج کی روانگی اور واپسی کے سلسلہ میں بہتر سے بہتر انتظامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ریاستوں کے عازمین حیدرآباد سے ہی روانہ ہوں گے اور تلنگانہ حکومت اللہ کے مہمانوں کی خدمت کو اپنے لئے باعث شرف تصور کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال سے بہتر انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے وہ بذات خود کیمپ کے آغاز سے قبل عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس طلب کررہے ہیں۔ عازمین حج کی روانگی کا 14ستمبر سے آغاز ہوگا جبکہ حج کیمپ 12ستمبر سے شروع ہوگا۔ جمعرات کو حج ہاوز کے دورہ کے موقع پر 30 اگسٹ کے مجوزہ جائزہ اجلاس کے ایجنڈہ کو طئے کیا جائے گا۔ حج کیمپ کے انعقاد کے سلسلہ میں 20محکمہ جات کا جائزہ اجلاس 30اگسٹ کو منعقد ہوگا جس کی صدارت ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ کریں گے جبکہ دونوں ریاستوں کے سکریٹریز اقلیتی بہبود، کمشنرس اقلیتی بہبود اور دیگر عہدیدار شرکت کریں گے۔ محکمہ جات میں پولیس، برقی ، آبرسانی، گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے علاوہ سعودی ایر لائنس، کسٹمس، ایمیگریشن، جی ایم آر اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کے عہدیدار شرکت کریں گے۔ ڈپٹی چیف منسٹر اس اجلاس میں جی ایم آر عہدیداروں کے ساتھ شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر مستقل مسجد کی تعمیر کے مسئلہ پر بھی توجہ دلائیں گے۔ ایرپورٹ کی تعمیر کے سلسلہ میں تقریباً تین مساجد زد میں آئی ہیں لہذا جی ایم آر حکام سے خواہش کی جائے گی کہ کم از کم ایک مستقل مسجد کی تعمیر کے ذریعہ مقامی افراد کو نماز کی سہولت کا اہتمام کریں۔ جناب محمود علی عازمین حج کیلئے مکہ مکرمہ میں واقع حیدرآبادی رباط میں قیام کے مسئلہ کی یکسوئی کے خواہاں ہیں اور انہوں نے اس سلسلہ میں ناظر رباط حسین شریف سے بات چیت کی۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ اس مسئلہ پر سنٹرل حج کمیٹی اور اوقاف کمیٹی نظام سے بھی مشاورت کریں گے تاکہ عازمین حج کو رباط میں قیام کی سہولت فراہم ہوسکے۔

TOPPOPULARRECENT